دسمبر 2023 میں برآمدات میں اضافہ، تجارتی خسارے میں نمایاں کمی واقع ہوئی ،برآمدات جلد ماہانہ 3 ارب امریکی ڈالر کے ہدف تک پہنچ جائیں گی، ڈاکٹر گوہر اعجاز

اے پی پی  |  Jan 02, 2024

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تجارت وصنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ دسمبر 2023 میں ملکی برآمدات 22.2 فیصد بڑھ کر 2.812 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جو کہ دسمبر 2022 میں 2.301 ارب ڈالر تھیں۔

وزارت تجارت کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ مذکورہ مثبت رجحان درآمدات کی کمی میں بھی ظاہر ہوا جو دسمبر 2022 میں 5.144 ارب امریکی ڈالر کے مقابلے میں دسمبر 2023 میں 12.25 فیصد کم ہو کر 4.514 ارب امریکی ڈالر رہ گئیں۔ وزیر تجارت نے کہا کہ صرف دسمبر 2023 میں خسارہ نمایاں طور پر 40 فیصد کم ہو کر 1.7 ارب ڈالر رہ گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 1.141 ارب ڈالر کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جولائی تا دسمبر 2023 کی مدت کے دوران تجارتی خسارہ 34 فیصد کم ہو کر 11.148 ارب ڈالر رہ گیا ہے ۔ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات بحال ہو چکی ہیں اور ان میں واضح اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی 3 ارب ڈالر ماہانہ برآمدات کے اپنے ہدف تک پہنچ جائیں گے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ ہمارا 5 سالہ ہدف برآمدات کو 8 ارب ڈالر ماہانہ کی سطح تک پہنچانا ہے اور اس ہدف کو ہم سپیشل انوسٹمنٹ فیسلیٹیشن سنٹرز فریم ورک کے تحت انڈسٹری پالیسی کے نفاذ کے ذریعے حاصل کریں گے۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ وزارت تجارت پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو مزید مستحکم کرنے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور حالیہ مثبت اعداد وشمار حکومت کی جاری کوششوں اور پاکستانی کاروباری اداروں کی لچک کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More