اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے طلباء کو ہدایت کی ہے کہ ملک کی سرفہرست آئی ٹی کمپنیوں میں اپرنٹس شپ حاصل کرنے کے لئے کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے گریجویٹس (کل) بدھ 3 جنوری تک اپنی درخواستیں سنٹرلائزڈ ٹیسٹ کے لئے جمع کرا دیں۔ایچ ای سی حکام کے مطابق یہ ٹیسٹ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل ، وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام ، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ ، پاکستان آئی ٹی ، انڈسٹری ایسوسی ایشن اور نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ورچوئل یونیورسٹی پلیٹ فارم کے ذریعے سی ایس کے 7ویں سمسٹر اور متعلقہ مضامین کے طلباء کے لئے سنٹرلائزڈ ٹیسٹ لیا جائے گا۔مقامی اور بین الاقوامی سطح پر ملازمت کے بہتر مواقع کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجیز کا تجربہ حاصل کرنے کے لئے آئی ٹی صنعت میں باصلاحیت آئی ٹی طلبا کی تقرری میں سہولت فراہم کرنے کے لئے یہ اکیڈمیہ-انڈسٹری کے تعاون کے پروگرام کا حصہ ہے۔ایچ ای سی کے مطابق ٹیسٹ کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ 3 جنوری ہے جبکہ ٹیسٹ 7 جنوری کو ہوگا۔ طلباء اپنی درخواستیں ایچ ای سی پورٹل کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔ ٹیسٹ کے فوکس ایریاز میں آپریٹنگ سسٹمز، سافٹ ویئر انجینئرنگ، ڈیٹا سٹرکچرز، نیٹ ورکنگ، پروگرامنگ، ڈیٹا بیس، پرابلم سلونگ/ اینالیٹکس شامل ہیں۔