اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے اپنے زیر انتظام تمام موٹر ویز، ہائی ویز اور ایکسپریس ویز پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر یکم جنوری 2024 سے جرمانوں کی نئی شرح لاگو کر دی ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل سلطان علی خواجہ نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے حکومت پاکستان اور وزارت مواصلات سے منظوری کے بعد ٹریفک قوانین پر موثر عملدرآمد، محفوظ سفر اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پہلے مرحلے میں یکم اکتوبر 2023 سے موٹرویز، ہزارہ اور سوات ایکسپریس ویز پر صرف کار اور جیپ پر مخصوص جرمانوں کی شرح میں اضافہ کیا گیا تھا۔ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں کیلئے مختص کردہ جرمانوں کی شرح میں اضافہ حکومت نے موٹرویز اور ہائی ویز کے استعمال کنندگان کی ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کی روک تھام کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ جرمانوں کی شرح میں اضافہ نیشنل ہائی وے سیفٹی آرڈیننس 2000 کے ترمیم شدہ بارہویں شیڈول کے مطابق کیا گیا ہے۔دوسرے مرحلے میں یکم جنوری 2024 سے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے دائرہ اختیار میں آنے والی تمام موٹرویز، ایکسپریس ویز اور ہائی ویز پر چلنے والی تمام قسم کی گاڑیوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی شرح میں اضافہ نافذ العمل کر دیا گیا ہے۔انہوں نےکہا کہ جرمانوں کی شرح میں ترمیم کا مقصد موٹرویز اور ہائی ویز پر مسافروں کی حفاظت اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے ۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس موٹر ویز اور ہائی ویز پر شہریوں کے محفوظ اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔اضافی جرمانوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ حد رفتار کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل کو 1500 روپے ، کار کو 2500 روپے، ایچ ٹی وی کو 5 ہزار روپے اور مسافر بردار گاڑی کو 10 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔مسافر بردار گاڑی کو اوورلوڈنگ یا زائد سواریوں بٹھانے پر 5 ہزار روپے اضافی جرمانہ ہو گا۔ لوڈ ر گاڑیوں کو اوورلوڈنگ پر 10 ہزار روپے، مخالف سمت میں گاڑی چلانے پر 2500 روپے، سامان کو خطرناک اندا زمیں لوڈ کرنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔ اسی طرح ٹریفک سگنلز کو نظر انداز کرنے پر پیلی بتی پر ایک ہزار، لال فلیشنگ پر 2 ہزار اور لال بتی پر 5 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔ رات کو بغیر لائٹس کے گاڑی چلانے پر 5 ہزار روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ ممنوع مقام پر اوورٹیکنگ کرنے پر موٹر سائیکل، کار اور ایل ٹی وی کیلئے 1500 روپے اور مسافر بردار گاڑی ایچ ٹی وی کو خلاف ورزی پر 3 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔ دوسری گاڑی کو راستہ نہ دینے پر ایک ہزار روپے اور ایمرجنسی گاڑی کے راستے میں خلل کا باعث بننے پر 5 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔ ترجمان نے کہا کہ جرمانوں کی نئی شرح کا اطلاق نئے سال کے آغاز پر یکم جنوری 2024 سے کر دیا گیا ہے۔