اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائنده خصوصى برائے بین المذاہب ہم آہنگی ،اسلامی ممالک ومشرق وسطی وچيئرمين پاكستان علماء كونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفى نےکہا ہے کہ حکومت اور آرمی چیف کی خصوصی ہدایات پر فلسطینی بھائیوں کے لئے امداد کا تیسرا جہاز آج مصر روانہ کر دیا گیا ہے ، یہ امداد اہل غزہ کے لئے ہلال احمر کے ذریعے غزہ پہنچائی جائے گی۔ پیر کو پاکستا ن کی طرف سے 20 ٹن امدادی سامان کی تیسری کھیپ مصر روانہ کردی گئی ہے۔امدادی سامان پاک فضائیہ کی خصوصی پرواز کے ذریعے نور خان ائیر بیس سے روانہ کیا گیا۔امدادی سامان میں سرجیکل/طبی سامان، خشک کھانے کی اشیاء اور بچوں کے لیے گفٹ بیگز کے علاوہ حفظان صحت کی کٹس بھی شامل ہیں ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم کے نمائندہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔ ان کے کئے پاکستان ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان کی ہر ممکن کوشش ہے کہ اہل غزہ پر ظلم و ستم فوری بند کیا جائے اور ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالخلافہ القدس شریف ہو ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عسکری قیادت کی خصوصی ہدایات پر غزہ کے امداد کو بڑھایا جا رہا ہے اور مزید اس سلسلے کو بڑھایا جائے گا۔