اگر بلے کے علاوہ کوئی نشان ملتا ہے تو لیں گے لیکن بائیکاٹ نہیں کریں گے، بیرسٹر گوہر

ہم نیوز  |  Jan 01, 2024

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر  نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو بطور جماعت مائنس کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اگر بلے کے علاوہ کوئی نشان ملتا ہے تو لیں گے لیکن بائیکاٹ نہیں کریں گے۔

صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا لیکن جاری نہیں ہوا۔ الیکشن کمیشن کے ذریعے پی ٹی آئی کو پیچھے دھکیلا جا رہا ہے، ایک وکیل ن لیگ سے جائے تو ٹھیک، پی ٹی آئی سے جائے تو گرفتار ہوتا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدلیہ اپنا کردار ادا کرے تو مسائل کا حل ممکن ہے، عدالت کو اب اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ الیکشن کمیشن اور عدلیہ سے ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کو اب اس معاملے میں مداخلت کرنا ہو گی، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی ان معاملات کا نوٹس لیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پلان بی اور سی ہمارے پاس ہے جس سے پارلیمان تک جائیں گے، اگر بلے کے علاوہ کوئی نشان ملتا ہے تو لیں گے لیکن بائیکاٹ نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پارٹی کا نشان نہ دیا تو مخصوص نشستوں سے مسائل پیدا ہوں گے، سپریم کورٹ نے نان پارٹی بیسڈ الیکشن سے روکا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا ہے کہ الیکشن کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے، امید ہے کہ عدالتِ عظمیٰ شفاف انتخابات کروائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More