لاہور۔1جنوری (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت اور نجی شعبہ کے اشتراک سے ترقیاتی ماڈل قومی اقتصادی ترقی کے لیے مثبت نتائج کا حامل ہو سکتا ہے،کاروبار کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت کے اقدامات قابل تعریف ہیں،وفاقی حکومت کاروبار کے لیے تمام سہولیات فراہم کرے گی۔وہ پیر کے روز یہاں بزنس فسیلیٹیشن سینٹر(بی ایف سی)میں تاجر برادری سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر نگران وزیر اعلی ٰپنجاب محسن نقوی،چیف سیکرٹری پنجاب،آئی جی پنجاب ،بزنس کمیونٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹر پنجاب حکومت کا ایک احسن اقدام ہے جہاں ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات میسر ہوں گی،وفاقی حکومت کاروبار کے لئے تمام سہولیات فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری اور حکومت کے درمیان بہتر تعلقات سے روزگار کے مواقع، ٹیکس اور جی ڈی پی کی شرح نمو کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے خیال کو سراہتے ہوئے نگران وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کاروبار کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی اور اسے سندھ،خیبرپختونخوا اور بلوچستان تک بڑھایا جائے گا۔انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے کاروباری شعبے کے لیے متعدد اقدامات کے ذریعے ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کا بھی یقین دلایا۔ انہوں نے کاروبار کے فروغ کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور انکی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔