لاہور۔31دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی وچیئر مین پاکستان علماء کونسل علامہ حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ 9مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کو سزا ملنی چاہیے،خلافت راشدہ کا پہلا اصول نظام انصاف ہے ، مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کیلئے سال نو کی تقریبات پر پابندی لگائی گئی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مولانہ اسلم صدیقی،علامہ زبیر عابد،مولانا طاہر الحسن، مولانا اسلم قادری، مفتی فلک شیر، مفتی سید نسیم الاسلام اور مولانا اسد اللہ فاروق سمیت دیگر علما بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ جنھوں نے 9 مئی کا واقعہ کیا ہے ،ان کو سزا ضرور ملنی چاہیے ،یہ نہیں ہو سکتا کہ جو ملک و قوم کے ساتھ دشمنی کرے، اس کو کھلا چھوڑ دیا جائے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ ہمیں خلافت راشدہ کا آغاز اپنے گھر سے کرنا ہو گا اوراپنے زکوة کے نظام کو بہتر بنانا ہو گا،حضرت عمر فاروق کے دور خلافت میں زکوة دینے والے تھے اور لینے والا کوئی نہیں تھا،حضرت ابوبکر صدیق نے ایک رسی کے برابر بھی زکوة نہ دینے والوں کے خلاف جہاد کا حکم دیا،اگر پاکستان میں زکوةکا نظام بہترکر دیا جائے تو ملک میں غربت کی شرح میں کافی حد تک کمی ہو جائے گی اور سٹرکوں پر کوئی بھوکا سویا ہوا بھی نظر نہ آ ئے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام کلمہ کی بنیاد پر ہوا ،نظریہ و نظام خلافت راشدہ ہے،حضرت صدیق اکبر پہلے مسلمانوں کے خلیفہ ہیں جنہوں نے رسول اللہۖ کے نظام مصطفیۖ کو خلافت راشدہ سے دنیا بھر میں نافذ کیا،نظام خلافت راشدہ کا پہلا اصول نظام انصاف ہے ،خواہ وہ مسلمان ہو یا کافر، ترازو انصاف سب کیلئے یکساں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نظام خلافت راشدہ نافذ ہونا چاہئیے جس کے لئے ہمارا پہلا مطالبہ یہ ہے کہ نظام عدل آزاد قائم ہو،ایثار و محبت کانظریہ اور وہ سوچ جو گم کر بیٹھے ہیں کی طرف ہمیں واپس آنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے فحاشی و عریانی پھیلنے سے طلاقوں و خلع میں اضافہ ہو رہا ہے،جعلی خبروں سے گھر و خاندان تباہ ہو رہے ہیں ،اسی طرح ملک بھی تباہ ہو جاتے ہیں،ہمیں عزم کرنا ہوگا کہ ہم اپنی نسلوں کو یہاں سے کہیں اور منتقل نہیں کرسکتے لیکن حقیقی نظام خلافت راشدہ نافذ کریں گے،خلافت راشدہ میں سب سے پہلے انصاف، تعلیم ، صحت اورخوراک کی یکساں فراہمی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال ملک بھر میں کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے لئے سکیورٹی و دیگر سہولیات کا بہتر بندو بست کیا گیا جس کا سارا کریڈٹ موجودہ نگران وفاقی و صوبائی حکومتوں کو جاتا ہے،خلافت راشدہ کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے،اسلام میں چرچ کی گھنٹیوں کا بھی تحفظ کا حکم دیا گیا ہے،اسلام کہتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائو ۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں سال نو کی تقریبات پر پابندی لگائی ہے ،ہم اپیل کرتے ہیں کہ عوام نئے سال پر شوروغل نہ کریں،آتش بازی کے بجائے پیسے فلسطینیوں کو بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اپیل ہے کہ9مئی کے مجرموں کو سزا دی اور بے گناہوں کو رہا کیا جائے ۔طاہر اشرفی نے کہا کہ ہمارے سپہ سالار نے امریکی قیادت سے کہا کہ فلسطین میں فوری جنگ بندی کر کے مسئلہ فلسطین حل نہ کیا گیا توغزہ کے نقصانات کے اثرات پوری دنیا پر اثر انداز ہوں گے ۔ مہنگائی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان بننے سے زراعت میں بہتری نظر آئے گی، ایس آئی ایف سی سے گندم، چینی، چاول کی قیمتوں میں بھی کمی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے رواں سال حج ایک لاکھ روپے سستا کیا ہے ، ہم اسے مزید سستا کرنے کی درخواست کریں گے۔