سکیورٹی فورسز کی جانب سے 2023ء میں خفیہ اطلاعات پر 18 ہزار 736 آپریشنز کئے گئے، 566 دہشت گردوں کوجہنم واصل جبکہ 5161 گرفتار کیا گیا

اے پی پی  |  Dec 30, 2023

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):سیکورٹی فورسز کی جانب سے ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلہ میں 2023ء میں خفیہ اطلاعات پر 18 ہزار 736 آپریشنز کئے گئےجن میں 566 دہشت گردوں کوجہنم واصل جبکہ 5161 گرفتار کیا گیا۔ یہاں دستیاب اعدادوشمار کے مطابق سال 2023ء کے دوران دہشت گردوں کے خلاف موثر سکیورٹی اقدامات اٹھائے گئے۔

اس سال کے دوران خطے میں بدامنی کی صورتحال دیکھنے میں آئی جبکہ قومی سلامتی اور دفاع کیلئے موثر انسداد دہشت گردی اقدامات اٹھائے گئے۔ ان اعدادوشمار سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں ملوث دہشت گردوں کی کڑیاں افغانستان سے ملتی ہیں۔2023ء کے دوران انٹیلیجنس ایجنسیوں کی موثر کارروائیوں کی بدولت بلوچستان نیشنل آرمی کے اہم کمانڈروں گلزار امام شنبے اور سرفراز بنگلزئی نے دہشت گردی ترک کرکے قومی دھارے میں آنے کا اعلان کیا۔

بلوچستان میں 15063 آئی بی اوز میں 109 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ اسی طرح کے پی کے میں 1942 آئی بی اوز میں 447 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ پنجاب میں 190، گلگت بلتستان میں 14، سندھ میں 1987 آئی بی اوز میں 10 دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا۔ پاکستان آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔

پاکستان آرمی کے 260 آفیسروں اور جوانوں سمیت 1000 سے زیادہ افراد نے جام شہادت نوش کیا۔ پاکستانی فورسز نے ملک میں امن کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں جس کے بعد آنے والے وقتوں میں پاکستان میں امن اور استحکام کی روشن امید پیدا ہوئی ہے۔ پاکستانی فورسز آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک عوام کی پرزور حمایت سے کاوشیں جاری رکھیں گی۔ آنے والے سال میں بھی سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر نئے عزم اور ولولے کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More