پاکستان کو بحرانوں سے نکال کرترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن کریں گے، مسلم لیگ (ن )کے کارکن اور رہنما میرا خاندان ہیں، محمدنواز شریف

اے پی پی  |  Dec 30, 2023

لاہور۔30دسمبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے قائد محمدنواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو بحرانوں سے نکال کرترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن کریں گے،اتحادی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، مسلم لیگ (ن )کے کارکن اور رہنما میرا خاندان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں مسلم لیگ (ن) پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف ،چیف آرگنائزر مریم نواز شریف ،حمزہ شہباز شریف ،سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار،احسن اقبال،مریم اورنگزیب،خواجہ آصف،خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ اور عطا تارڑ سمیت دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

محمدنواز شریف نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد ساتھیوں کے ساتھ مل کر ملکی ترقی کا سفر دوبارہ وہی سے شروع کریں گے جہاں سے چھوڑ کر گئے تھے،مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کیلئے پر عزم ہے،ہم نے اپنے دور اقتدار میں ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا ،ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں تبدیل کیا،دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑا اور پاکستان میں امن قائم کیا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ملکی مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر موقع پر میرا ساتھ دیا، دن رات ایک کر کے توانائی کے منصوبے مکمل کرائے جو ملک کیلئے بہت بڑی خدمت تھی،

انہوں نے زندگی میں کبھی مجھے مایوس نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے دن رات محنت کی۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے تھے کہ شہباز شریف کو حکومت نہیں لینا چاہیے تھی ، اگر مسلم لیگ (ن) 14 ماہ کی حکومت نہ لیتی تو اس کے کیا اثرات ملک پر مرتب ہوسکتے تھے کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ ہوتا، ملک ڈیفالٹ ہو جاتا اور پاکستان کی معیشت صفر ہو جاتی،شہباز شریف نے ملک کو بہت بڑے خطرے سے بچایا ہے، اتحادی حکومت نے سہارا دیا ہے تو ملک خطرات سے باہر آ یا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہم پر بہت مہربانی کی ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا تاکہ ہم ملک وقوم کی مزید بہتر طریقے سے خدمت کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کے کارکن اور رہنما میرا خاندان ہیں، تمام کارکنوں نے اپنی اپنی بساط کے مطابق پارٹی کی خدمت کی ہے ،اللہ تعالی کا شکر ہے کہ مجھ سے اس پارٹی کیلئے کام لیا ہے ،دعا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اسی طرح مزید مضبوط ہو اور ہم ماضی کی طرح مستقبل میں بھی اتفاق و اتحاد اور خوش اسلوبی کے ساتھ مل کر ملک کو بحرانوں اور مشکلات سے نکالیں، ملک سے بیروز گاری کا خاتمہ کریں اور لوگوں کے دکھوں کا مدوا کرنے میں پارٹی کے کارکنوں اور رہنمائوںکا کردارہو ۔ مسلم لیگ( ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد نواز شریف کی حمایت کی وجہ سے میں نے سیاست کے میدان میں قدم رکھا اور پنجاب کے عوام کی خدمت کی،

میری خواہش ہے کہ اللہ تعالی آپ کو چوتھی مرتبہ پاکستان کا وزیر اعظم بنائے۔ انہوں نے کہا کہ میری سیاست کا آغاز نواز شریف سے ہوا اور ختم بھی نواز شریف سے ہی ہو گا،بڑے بھائی ہونے کے ناطے نواز شریف نے ہمیشہ میری رہنمائی کی کسی بات کو ٹوکا نہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں جب پارٹی پر مشکل حالات تھے اور مسلم لیگ (ن) کو ظلم و جبر کا نشانہ بنایا گیا تو مریم نواز نے پارٹی کیلئے بڑی خدمات سر انجام دیں،مسلم لیگ (ن) کی تنظیم نو کیلئے اہم کردار ادا کیا، پارٹی کی مضبوطی کیلئے دن رات محنت کی۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز اللہ تعالی سے ڈر کر ظلم وجبر کے سامنے ڈٹ کر کھڑی رہیں،مریم نواز اور حمزہ شہباز ایک ساتھ بہن بھائیوں کی طرح ساتھ چلیں گے ، مریم نواز کی پارٹی کیلئے دی گئی قربانی نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے جانفشانی کے ساتھ 21 اکتوبر کو مسلم لیگ( ن) کے جلسے اور نواز شریف کی واپسی پر فقیدالمثال استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے محنت کر کے پارٹی میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔

مریم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی قائد محمد نواز شریف اور صدر شہباز شریف کی شکر گزار ہوں کہ جنھوں نے پارٹی کیلئے میری خدمات کو سراہا، میرے بارے میں شہبازشریف کی جانب سے بولے گئے الفاظ ایک اثاثہ ہیں جو میں ساری زندگی بھلا نہیں پائوں گی۔انہوں نے کہا کہ میں سیاست میں نہیں آنا چاہتی تھی لیکن جب 2017 میں مسلم لیگ( ن) اور اس کی قیادت پر مشکل وقت آیا، پارٹی کارکنوں اور رہنمائوں پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے اور انہیں جیلوں میں ڈالا گیا تو میں نے سوچا کہ یہ مسلم لیگ( ن) اور اس کے قائدین کے ساتھ ظلم ہوا ہے تب میں نے باقاعدہ سیاست میں قدم رکھا اور پوری ایمانداری کے ساتھ پارٹی کی دن رات خدمت کی۔ مریم نواز نے کہا کہ میں نے کبھی پارٹی میں کسی عہدے کی لالچ نہیں کی،پارٹی جو بھی ذمہ داری سونپے گی اسے دلجمعی کے ساتھ نبھانے کی پوری کوشش کروں گی ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،پاکستان میں مسلم لیگ( ن) کی خدمات کو نکال دیا جائے تو باقی صرف کھنڈرات رہ جاتے ہیں۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ میرے دادا میاں شریف نے کہا تھا کہ آپس میں اتفاق و اتحاد قائم رکھنا، دنیا آج نواز شریف اور شہباز شریف کے آپس میں اتفاق کی مثالیں دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ دنیا میں نہ ایسا محبت کرنے والا بڑا بھائی مل سکتا ہے اورنہ وفاداری نبھانے والا چھوٹا بھائی مل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے نواز شریف سے سیاست میں بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے،نواز شریف کی قیادت میں ہم سب مل کر ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اور قیادت پابند سلاسل تھی تو کلثوم نواز نے پارٹی کو سنبھالا دیا اور اس کے پیچھے جو شخصیت تھی وہ مریم نواز تھی۔خواجہ آصف نے کہا کہ مریم اور حمزہ نے پارٹی میں اپنے صلاحیتوں کے بل بوتے پر مقام بنایا ہے ،ان دونوں کی پارٹی کیلئے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کی قیاد ت کی جیلوں میں قید کے دوران مریم نواز نے پارٹی کیلئے جو مزاحمت کا کردار ادا کیا ہے وہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک باب رقم کیا گیا ہے۔رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ مریم نواز اور حمزہ شہباز کی صورت میں پارٹی اور پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے،پارٹی پر کٹھن حالات کے وقت کارکنوں اوررہنمائوں نے بڑی سمجھ بوجھ کے ساتھ جو مزاحمت کا کردار ادا کیا ہے وہ نا قابل فراموش ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More