چینی کمپناں دونوں ممالک کی فلمی صنعتوں کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں، نگران وفاقی وزیر ثقافت جمال شاہ

اے پی پی  |  Dec 30, 2023

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر ثقافت و قومی ورثہ جمال شاہ نے سی پیک کے تحت اقتصادی کوششوں کے ساتھ ثقافتی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئےچینی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ دونوں ممالک کی فلمی صنعتوں کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق نگران وزیر جمال شاہ نے چین کی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کے وفد کے دورہ پاکستان کے موقع پر اہم ملاقات کی۔ڈائریکٹر سی ایف آئی سی اور چانگ جیانگ کے چیئرمین ژانگ یانگ کی قیادت میں وفد میں فلم پروڈیوسر یی ہائی کلچر کمیونیکیشن کے چیئرمین ہوکیانگ اورلی ٹنگ انٹرنیشنل کے چیئرمین لیانگ ٹنگ سمیت اہم لوگ شامل تھے۔

وفد کے دیگر ارکان میں سپروائزر یوآن لی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر تانگ چاو سونگ، ڈپٹی جنرل منیجر لیو لی چیانگ اور گروپ کوآرڈینیٹر ژانگ لنہوئی شامل تھے۔ملاقات کا مقصد ثقافتی تبادلے کے مواقع تلاش کرنا تھا،جس میں پین کلچرل ایکسپورٹ، وزٹ پرفارمنس، ثقافتی مصنوعات،نئے فن پاروں کی گردش،آرٹ کی نمائشیں،ثقافتی نمائشیں، گیلریاں، موسیقی، تہوار وغیرہ شامل تھے۔دونوں اطراف نے پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی روابط کو بڑھانے کے لیے اہم کردار پر زور دیا۔

بات چیت کے دوران جمال شاہ نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو اجاگر کیا اور دوسرے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ثقافتی کارواں کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔اس اقدام کا مقصد نہ صرف پاکستان اور چین کے درمیان بلکہ وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ بھی اقتصادی تعلقات اور ثقافتی رشتوں کو مضبوط کرنا ہے۔نگران وزیر جمال شاہ نے سی پیک کے تحت اقتصادی کوششوں کے ساتھ ثقافتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے خاص طور پر پاکستان اور چینی فلمسازوں کے درمیان اہم مشترکہ پروڈکشن فلم “باٹائی گرل” کا تذکرہ کیا،جو چین اور پاکستان کے عوام کے درمیان پائیدار دوستی کی علامت ہے۔

وزیر جمال شاہ نے 2023 میں پاکستان میں ریلیز ہونے والی فلم “باٹائی گرل” کی تخلیق میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر مسرت کا اظہار کیا۔ نگران وزیر جمال شاہ نے پاکستان کے بھرپور فنی ورثے پر روشنی ڈالتے ہوئے چینی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ دونوں ممالک کی فلمی صنعتوں کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔پاکستان میں سینما گھروں کے قیام میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئےانہوں نے ملک کے 157 سنیما گھروں اور سینما انڈسٹری کو وسعت دینے کی خواہش پر روشنی ڈالی۔

چانگ جیاناگ گروپ کے چیئرمین ژانگ یانگ نے تفریحی صنعت میں تعاون کے مواقع کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ چینی وفد پاکستان کو ایک خوبصورت ملک اور ایک پرکشش سیاحتی مقام کے طور پر پیش کرنے کے لیے مشترکہ پروڈکشن کے لیے پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے۔اس موقع پر نگران وفاقی وزیر جمال شاہ کی جانب سے چینی فلم/ٹی وی کے وفد کو باہمی تعاون، سینما میں تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے، پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی اور مشترکہ پروڈکشنز کے ذریعے باہمی افہام و تفہیم کو بڑھانے کی دعوت دی گئی۔ ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے محمد ایوب جمالی بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More