لاہور۔28دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جمعرات کے روز ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ٹھوکر نیاز بیگ کا دورہ کیا اور ریسکیورز پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی میں ریسکیورز کے رسپانس کامشاہدہ کیا اورریسکیورز نے بہترین تربیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریسکیوکی ڈرلز کیں۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سوئمنگ پول میں ریسکیورز کی سوئمنگ کی تربیت دیکھی اورگرنے والی عمارت سے لوگوں کو ریسکیو کرنے والے آلات اور مشینری کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کنوئیں میں گرنے والے افراد کو با حفاظت ریسکیو کرنے کا مظاہرہ دیکھا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ڈوبنے والے افراد کو بچانے کی تربیتی مشق،سی آر پی اور شفٹنگ کے عمل، ریسکیو بائیکس سروس کی مشق، آگ بجھانے کے طریق کار،برن ہوم اور فائر ٹاور کا معائنہ کیا۔مظاہروں کے دوران فائر ٹاور کی بلند عمارت سے ریسکیو رقومی پرچم لے کر مہارت سے نیچے اترا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو قومی پرچم پیش کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے ریسکیورز کی پیشہ وارانہ تربیت اور مہارت کو سراہا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کوپاس آوٹ ہونے والے چاروں صوبوں کے ریسکیورز نے سلامی پیش کی۔وزیراعلی محسن نقوی نے ریسکیورز کی پریڈ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے چاروں صوبوں کے ریسکیورز کو شیلڈز اور انعامات دئیے۔ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیورز سے حلف لیا۔بعدازاں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ریسکیورز پاسنگ آوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر چوتھے مریض کو دل کی تکلیف کا مسئلہ ہے۔ ایک زندگی بچانا انسانیت بچانے کے مترادف ہے، ریسکیو 1122 کی 800 ایمبولینسز میں ہارٹ ایمرجنسی ریسپانس کے لئے30 کروڑ روپے کی لاگت سے آٹومیٹڈ ایکسٹرنل ڈیفبریلیٹر ایکیوپمنٹ فراہم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ 30 کروڑ روپے کی لاگت سے اے ای ڈی ایکیوپمنٹ جلد از جلد فراہم کیا جائے گا۔ 30 کروڑ کا اے ای ڈی سامان نہیں بلکہ زندگی اہم ہے۔ ایک زندگی بچانے پر ہزاروں لوگ دعا کرتے ہیں۔وزیر اعلی نقوی کہا کہ ہمارے چاروں صوبوں کے جوانوں کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ بین الاقوامی سطح پر تشخص رکھنے والی اکیڈمی سے کوالیفائی کرکے جارہے ہیں۔ پاس آوٹ ہونے والے ریسکیورز کی ٹریننگ عالمی معیار کے مطابق کی گئی۔ فائر اور واٹر ایمرجنسی ریسپانس کی ٹریننگ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سے باہر کے ریسکیورز ٹریننگ کے ساتھ محبت کا پیغام بھی لیکر جائیں۔ دیگر صوبوں کے ریسکیورز کی ٹریننگ کے ساتھ ساتھ ان کا خاص خیال رکھا گیا جو کہ ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے۔بلوچستان میں اکیڈمی قائم کی جارہی ہے۔ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اب تک 24 ہزار ریسکیورز کو عالمی معیار کی تربیت دے چکی ہے۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ کسی قسم کی بھی ایمرجنسی ہو پورے پنجاب کے عوام کے ریسکیو1122 کا نمبر ذہن میں آتا ہے۔ریسکیو 1122پر فخر ہے،ترکیہ میں ریسکیو آپریشن کے دوران ریسکیو1122نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ ہمارے ریسکیورزنے پاکستان،پنجاب اور ریسکیو1122 ادارے کا نام روشن کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ پورے پنجاب میں ریسکیو 1122کی 800 جدید ایمبولینسز ہیں۔ ہماری ایمبولینسز بہترین ہیں اور تقریباہر قسم کے سامان لیس ہیں۔کئی ایمبولینسز میں وینٹی لیٹرز اور دیگر اہم آلات بھی نصب ہیں۔ وزیراعلی نے پاس آوٹ ہونے والے ریسکیورز کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او، کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔