اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):وزارت امور کشمیر کے ایڈیشنل سیکرٹری سید خالد علی رضا گردیزی نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے گزشتہ سات دہائیوں سے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں،05 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اندرون و بیرون ملک پاکستانی عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 05 فروری کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اندرون و بیرون ملک اظہار یکجہتی منانے کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں وزارت امور کشمیر کے جوائنٹ سیکرٹری، آزاد جموں و کشمیر کونسل کے جوائنٹ سیکرٹری کے علاوہ وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات و نشریات، پی ٹی وی، لوک ورثہ، پیمرا اور دیگر اہم اداروں کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزارت امور کشمیر کے ایڈیشنل سیکرٹری نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پچھلی سات دہائیوں سے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ05 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی عوام اپنے کشمیری عوام سے اندرون و بیرون ملک بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے اجلاس میں بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت سے متعلق فیصلے کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ یوم یکجہتی کشمیر سے متعلق اپنی تیاریوں کو اس حوالے سے ترتیب دیں کہ جس سے یکجہتی کا بھرپور پیغام ایل او سی کی دوسری جانب پہنچایا جا سکے۔اجلاس میں تمام اداروں کے اہم حکام نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے یوم یکجہتی کی تیاریوں کی منصوبہ بندی کے حوالے سے اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کے حوالے سے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی اور کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل عبدلمتین شیخ نے27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف بھرپور انداز سے آواز بلند کرنے پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانیوں کی جانب سے دنیا کے مختلف فورمز پر کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کرنے سے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور وہ پاکستان کی جانب سے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔