لاہور۔28دسمبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ آج کسی کو معصوم کہا جاتا ہے تو ہمیں بے گناہ کیوں نہیں کہا جا رہا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جاوید لطیف نے کہا کہ میڈیا پر آج بھی کچھ لوگ ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ جب ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دیں گے تو پتہ چلے گا کون زیادہ مقبول ہے،مسلم لیگ( ن) کی16 ماہ کی حکومت میں بھی ہم کہتے تھے کہ اب بھی سہولت کاری موجود ہے،ہمارے کیسز عدالتوں سے ختم ہو چکے ہیںجبکہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس زیر التوا رہا،لوگ پوچھتے رہے پیسہ کہاں سے آیا۔جاوید لطیف نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر دستخط کئے تو10 سال تک اطمینان رہا،پی ٹی آ ئی نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں ملکی معیشت کو تباہ کیا،پاکستان کو ڈیفالٹ کی سطح تک لے گئے،شہباز شریف کی انتھک کوششوں سے ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا۔انہوں نے کہا کہ9 مئی واقعات کی منصوبہ بندی کرنے والوں کی سزائوں میں تاخیر ہو رہی ہے،اربوں روپے کے اخراجات کا حساب کون دے گا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کو متنازعہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں،سارے تانے بانے انہیں سازشوں سے ملتے ہیں جنہوں نے نو مئی واقعہ کی سازش کی۔جاوید لطیف نے کہا کہ پرویز الہی سمیت دوسروں کے حوالے سے آڈیوز لیک ہوئیں،ان آڈیوز کو لیک کون کرتا ہے مگر یہ بتایا جائے کہ کیا یہ آڈیوز سچی ہیں۔