ڈی جی رینجرز(سندھ) سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد کی ملاقات

اے پی پی  |  Dec 28, 2023

کراچی۔ 28 دسمبر (اے پی پی):ڈی جی رینجرز(سندھ)میجر جنر ل اظہر وقاص سے محمد زبیر موتی والا کی زیرِقیادت کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد نے ملاقات کی۔

ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق صدر اور چیئر مین(بزنس مین گروپ)محمد زبیر موتی والا کی زیرِقیادت بزنس کمیونٹی کے وفد نے ہیڈکوارٹرز پاکستان رینجرز(سندھ)کا دورہ کیااور ڈی جی رینجرز(سندھ)میجر جنر ل اظہر وقاص سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال اور تاجر برادری کو لا اینڈ آرڈر کے حوالے سے درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی روابط کو مربوط بنانے پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر ڈی جی رینجرز(سندھ)نے اپنی گفتگو میں کہا کہ تاجر برادری ملک کی معیشت میں ایک مضبوط ستون کی حیثیت رکھتی ہے،کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور پر امن حالات ہی معاشی ترقی کے ضامن ہیں، سندھ رینجرز کراچی میں تاجر برادری کی ہر ممکن حفاظت اور تعاون کو یقینی بنائے گی۔ ڈی جی رینجرز(سندھ)نے انڈسٹریل ایریا اور دیگر تجارتی علاقوں میں بزنس کمیونٹی کو سیکورٹی سے متعلق درپیش مسائل کو پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کرہنگامی بنیاد پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

ملاقات میں تاجر برادری کے وفد نے شہر قا ئد میں سندھ رینجرز کی قیام امن کے لیے کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More