کوئٹہ۔ 27 دسمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے مزدور رہنماؤں کے نمائندہ وفد نے محمد رمضان اچکزئی کی قیادت میں یہاں ملاقات کی وفد میں محمد یار علیزئی، عابد بٹ اور عطائاللہ بلوچ شامل بھی تھے وفد نے صوبے میں شہریوں کے روزمرہ کے مسائل کے حل کیلئے نگران حکومت کے شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار اور اقدامات کو حوصلہ افزائ قراردیا اور کہا کہ کوئٹہ شہرسمیت پورے صوبے میں روزمرہ کے جوکام کیے جارہے ہیں اس سے عوام کے مسائل میں کمی آرہی ہے وفد نے نگراں وزیر اعلیٰ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اورعوام ایک دوسرے پر اعتماد کرتے ہوئے مسائل کے حل میں یکجا ہوکر کام کریں اور جن جن علاقوں میں مسائل اجاگر کیے جارہے ہیں انہیں بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔وفد نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو بتایا کہ مزدوروں کے تمام کام سیکرٹر ی لیبرکے ماتحت دفاتر سے کیے جاتے ہیں۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ سیکرٹر ی لیبر کوانڈسٹریل ریلیشن ایکٹ کا ادراک ہونا چاہیے تاکہ وہ سرکاری اور غیرسرکاری اداروں میں ایمپلائرز اورورکرز کے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کراسکیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو بتایا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ،اولڈ ایج بینفٹ، سوشل سیکورٹی کے ہسپتالوں اور لیبر ڈائریکٹریٹ کے ماتحت اداروں کے ذریعے مزدوروں کے مسائل حل ہونے سے مزدورمزیددلجمعی اورمحنت و ایمانداری سے کام کریں گے۔انہوں نے بی ڈی اے، فش ہاربراتھارٹی اوردیگراداروں میں محنت کشوں کے مسائل کے حل پر بھی بات کی ۔نگراں وزیراعلیٰ نے وفد کی مزدور مسائل سے متعلق باتیں غورسے سنیں اورمزدوروں پر زوردیا کہ صوبے کے مزدور محنت و ایمانداری سے کام کریں ۔حکومت بلوچستان ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اپنے اورتمام اعلیٰ افسروں کے دروازے اپنے شہریوں کیلئے کھلے رکھنے کی پالیسی کو صوبے کے مفاد میں سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا مینڈیٹ صاف شفاف انتخابات اورشہریوں کے روزمرہ کے مسائل کا حل ہے اورنگران حکومت اپنے اس ایجنڈے کے تحت اپنی مقررہ مدت میں بہتر سے بہتر کام کرکے اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی۔