اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے جنرل سیکرٹری اور کنوینر مسلم لیگ جموں و کشمیر شیخ عبدالمتین نے ہندوستانی حکومت کی جانب سے مسرت عالم بٹ کی سربراہی میں قائم جموں وکشمیر مسلم لیگ پر پابندی عائد کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی تنظیم پر جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگا کر اس پر پابندی لگانا جمہوریت کے لیے ایک بدنما داغ ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر جاری ٹویٹ میں مسرت عالم بٹ نے کہا کہ حق وانصاف کے لیے اٹھنے والی کوئی بھی آواز ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے نہ کبھی دبی ہے اور نہ آئندہ کبھی دب سکے گی۔بھارتی وزارت داخلہ امیت شاہ نے آج ایک ٹویٹ میں جموں و کشمیر مسلم لیگ کو ایک غیر قانونی تنظیم قرار دیا۔ٹویٹ میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر مسلم لیگ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے تشکیل دی تھی جو اپنے بھارت مخالف اور پاکستان نواز موقف کے لیے جانے جاتے ہیں۔ مسلم لیگ کے ارکان مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی کی سرگرمیوں میں سب سے آگے رہے ہیں اور کشمیر کو بھارت سے آزاد کرانا چاہتے ہیں۔ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ اور اس کے ارکان خاص طور پر مسرت عالم بٹ بھارت مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔ بھارتی حکومت نے مسلم لیگ کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون ”یو اے پی اے“ کے تحت پانچ سال کی مدت کے لیے غیر قانونی قرار دیا ہے۔مسرت عالم بٹ کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔ وہ بھارتی آئین کے دائرے میں مسئلے کے کسی بھی تصفیے کو مسترد کرتے رہے ہیں۔