ٹانک میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک

اردو نیوز  |  Dec 09, 2023

پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں ایک آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

جمعے کی شام پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ضلع ٹانک کے علاقے ملازئی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی انٹیلیجنس اطلاعات ملنے پر آپریشن کیا گیا۔

بیان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد علاقے میں موجود پانچ دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان نے کہا کہ مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی محکموں سے منسلک اہلکاروں پر حملوں، بھتہ خوری اور عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

’آپریشن کے دوران مارے گئے دہشت گردوں کے قریب سے اسلحہ اور گولیاں اور دھماکہ خیز مواد بھی ملا۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کارروائی جاری ہے اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More