چترال: پٹواری کے رویے سے تنگ شہری نے پہاڑی سے کود اپنی جان لے لی

اردو نیوز  |  Dec 08, 2023

اپر چترال کے گاؤں  پرواک کے رہائشی ایک شخص نے پہاڑی سے گہری کھائی میں چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع اپر چترال میں مبینہ خودکشی کا واقعہ 6 دسمبر بروز بدھ کو پیش آیا۔

پولیس کے مطابق بدھ کو اطلاع ملی کہ پرواک گاؤں میں نظار الامین نامی شخص نے پہاڑی سے کود کر خودکشی کرلی۔

ابتدا میں خود کشی کی وجوہات کا پتا نہ چل سکا تاہم پولیس کو تفتیش کے دوران ایک خط کے حوالے سے معلومات ملی جو شہری نے مبینہ طور پر خودکشی سے پہلے امام مسجد کے نام لکھا تھا۔

مبینہ خط میں شہری نے اپنی ذہنی پریشانیوں اور مشکلات کا ذکر کیا جس میں مقامی پٹواری سے متعلق شکایت بھی لکھی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق مبینہ خط میں الزام لگایا ہے کہ پٹواری نے غلط بیانی سے ان کی زمین کسی اور کے نام کر دی ہے۔

شہری کے مطابق اس کے ساتھ محکمہ لینڈ سیٹلمنٹ کے اہلکار بھی ناانصافی کر رہے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ وہ اراضی کے سلسلے میں تمام سرکاری دفاتر کا چکر لگا کر اکتا چکے ہیں اور اب خودکشی کے علاوہ ان کے پاس کوئی راستہ نظر نہیں آتا۔

شہری نے خط میں اپنے اوپر قرضوں کے بوجھ کا ذکر بھی کیا ہے جبکہ امام مسجد کو اپنے چار بچوں کی تعلیم سے متعلق بھی وصیت کی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر چترال علیم جان نے واقعے کا نوٹس لے کر پولیس کو مبینہ خط تحویل میں لینے اور مذکورہ پٹواری کو شامل تفتیش کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

ترجمان اپر چترال پولیس کے مطابق اس معاملے کی تفتیش جاری ہے تاہم ابھی تک کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔

اس معاملے پر اپر چترال کے ڈپٹی کمشنرعرفان الدین نے اردو نیوز کو بتایا کہ پٹواری اور لینڈ سٹیلمنٹ سٹاف کے خلاف انکوائری کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

’اگر کسی اہلکار پر الزام ثابت ہوا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔‘

ڈی سی اپر چترال کے مطابق مبینہ خط کی تصدیق بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خودکشی کرنے والے شہری دیگر گھریلو پریشانیوں میں بھی مبتلا تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More