’ٹک ٹاک اور غیراخلاقی ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں‘، پی ٹی آئی کنونشن کے لیے ضابطہ اخلاق

اردو نیوز  |  Dec 06, 2023

پشاور میں تحریک انصاف کو ورکرز کو کنونشن کی اجازت مل گئی ہے اور 6 دسمبر کو منعقد ہونے والے کنونشن کے لیے ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے 22 نکاتی قواعد و ضوابط بھی جاری کر دیے گئے ہیں، جس پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔

 ضلعی انتظامیہ کے ایس او پیز کے مطابق کنونشن کی سکیورٹی کی ذمہ داری منتظمین کی ہوگی اور کنونشن میں ریاست کے خلاف نعروں اور نفرت انگیز تقاریر پر پابندی ہوگی۔

پی ٹی آئی کنونشن میں غیر اخلاقی حرکات اور غیر قانونی اقدام پر پابندی  ہو گی جبکہ ورکرز کو ٹک ٹاک اور غیر اسلامی ویڈیوز بنانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

 ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ پی ٹی آئی ورکرز کنونشن کے لیے آنے والے سڑک بند نہ کرنے کے پابند ہوں گے اور نہ سڑک پر پارکنگ کریں گے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو۔ اسی طرح آتش بازی اور اسلحہ کی نمائش پر بھی کارروائی کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کے ایس او پیز کے تحت پی ٹی آئی کے کارکن اونچی آواز میں سپیکر کا استعمال نہیں کرسکیں گے جبکہ منتظمین تقریب کی ویڈیو خود ریکارڈ کرکے پولیس اور انتظامیہ کو فراہم کریں گے، انتظامیہ وقت کی پابندی کا بھی خیال رکھے گی۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما سید قاسم علی شاہ کو 6 دسمبر بروز بدھ کو کنونشن کی اجازت دے کر این او سی سے جڑے قواعد و ضوابط پر مکمل عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے منتظمین نے اجازت ملنے کے بعد کل 6 دسمبر کو پشاور میں ہونے والے کنونشن کی تیاری شروع کر دی جو 2 بجے گلبہار کے شادی ہال میں منعقد ہوگا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More