انڈیا میں باپ نے سکول ٹیچر کو اغوا کر کے بیٹی کی شادی کروا دی

اردو نیوز  |  Dec 01, 2023

انڈیا کی ریاست بہار کے ایک سکول ٹیچر کو اغوا کرنے کے بعد زبردستی اس کی شادی اغوا کار کی بیٹی سے کروائی گئی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق سکول ٹیچر گوتھم کمار کو تین سے چار لوگ اپنے ساتھ اغوا کر کے لے گئے اور 24 گھنٹوں کے اندر ایک اغوا کار کی بیٹی سے جبری شادی کرا دی گئی۔

حال ہی میں پبلک سروس کمیشن پاس کر کے گوتھم کمار ٹیچر بن گئے تھے۔

بندوق کی نوک پر گوتھم کمار کی شادی ریاست بہار کی ’پکڑوا ویواہ‘ یا دولہے کے اغوا کا تازہ واقعہ ہے۔ ’پکڑوا ویواہ‘ کی رسم میں غیرشادی شدہ مردوں کی زبردستی شادی کروا دی جاتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کا واقعہ ویشالی ضلعے میں پیش آیا جہاں حال ہی میں گوتھم کمار کی بطور سکول ٹیچر تعیناتی ہوئی تھی۔

گوتھم کمار کی گمشدگی کے بعد ان کے اہل خانہ نے بدھ کی شب احتجاج کیا اور ایک روڈ کو بھی بند کر دیا تھا۔

گوتھم کمار کے اہل خانہ نے راجیش رائے نامی ایک شخص پر الزام لگایا ہے۔ اہل خانہ کے مطابق راجیش رائے نے زبردستی اپنی بیٹی چاندنی کی شادی گوتھم کمار سے کروائی۔

شادی کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کرنے والے سکول ٹیچر کو جسمانی تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

پولیس کے مطابق گوتھم کمار نے پٹنہ ہائی کورٹ کے ایک حالیہ فیصلے کا حوالہ دیا کہ اسی قسم کی زبردستی کی ایک شادی کو عدالت نے منسوخ کر دیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور اغوا کاروں کے خلاف تفتیش کا آغاز ہو گیا ہے۔

بہار میں ’پکڑوا ویواہ‘ کی رسم کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ گزشتہ برس جانوروں کے ڈاکٹر کو تین افراد نے اغوا کر لیا تھا، ان کو ایک بیمار جانور کے علاج کے لیے بلایا گیا تھا تاہم بعد میں ان کی زبردستی شادی کرا دی گئی تھی۔

2018 میں بہار میں ایک انجینیئر کے ساتھ بھی ایسا ہی ایک واقعہ سامنے آیا تھا۔ بوکارو سٹیل پلانٹ کے 29 برس کے جونیئر مینیجر ونود کمار کی زبردستی شادی کرا دی گئی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More