70 سالہ خاتون کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش: ’پارٹنر کو پتا چلا تو وہ چھوڑ کر چلا گیا‘

بی بی سی اردو  |  Dec 01, 2023

افریقہ کے ملک یوگنڈا میں ایک 70 سالہ خاتون نے آئی وی ایف کی طبی تکنیک کا سہارا لیتے ہوئے دو جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے۔

ہسپتال کے مطابق سفینا نے یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا کے ایک ہسپتال میں ایک لڑکے اور ایک لڑکی کو جنم دیا۔ سفینا نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسے ’ایک معجزہ‘ قرار دیا۔

ہسپتال کی جانب سے سفینا کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا گیا کہ ’یہ طبی کامیابی سے بڑھ کر انسانی جذبے کی طاقت کا معاملہ ہے۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل 2019 میں انڈیا میں ایک 73 سالہ خاتون نے بھی آئی وی ایف علاج کے بعد جڑواں بچوں کو جنم دیا تھا۔

یوگنڈا کے وومین ہوسپٹل انٹرنیشنل اینڈ فرٹیلیٹی سینٹر نے اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ میں کہا کہ ’ہم نے ایک غیر معمولی کام کیا، 70 سال کی عمر میں افریقہ کی سب سے عمر رسیدہ ماں کے دو بچوں کو جنم دیا گیا۔‘

ہسپتال کے مطابق بچوں کی پیدائش بدھ کی رات ہوئی اور اس وقت ماں اور بچوں کی صحت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

سفینا نے یوگنڈا کے ڈیلی میل اخبار سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا حمل کافی مشکل تھا کیوں کہ جب ان کے پارٹنر کو علم ہوا کہ وہ جڑواں بچوں کو جنم دیں گی تو وہ ان کو چھوڑ کر چلا گیا۔

سفینا نے کہا کہ ’مردوں کو یہ بات اچھی نہیں لگتی کہ آپ ایک سے زیادہ بچوں کو جنم دیں۔ جب سے میں ہسپتال میں داخل ہوئی ہوں، اس شخص نے اپنا چہرہ نہیں دکھایا۔‘

سفینا کے ہاں تین سال میں دوسری بار بچے پیدا ہوئے ہیں۔ اس سے قبل سنہ 2020 میں بھی وہ ایک بیٹی کو جنم دے چکی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ اور بچے پیدا اس لیے کرنا چاہتی تھیں کیوں کہ ان کو بچے نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کے طنز کا سامنا رہتا تھا۔

’میں لوگوں کے بچوں کا خیال رکھتی تھی اور جب وہ بڑے ہو جاتے تو مجھے چھوڑ دیتے تھے۔ میں سوچتی تھی کہ جب میں بوڑھی ہو جاؤں گی تو میرا خیال کون رکھے گا۔‘

یہ واضح نہیں کہ سفینا نے اپنے ہی انڈے فریز کروا رکھے تھے یا پھر انھوں نے بچوں کی پیدائش کے لیے کسی ڈونر کا استعمال کیا۔

واضح رہے کہ خواتین عام طور پر 45 سے 55 سال کی عمر کے درمیان مینوپاز کا شکار ہو جاتی ہیں جس کے بعد بچوں کو جنم دینے کی صلاحیت کم ہوتی جاتی ہے تاہم طب میں جدت کے باعث اب ایسی خواتین کے لیے بچوں کو جنم دینا ممکن ہو گیا ہے۔

متعدد تکنیک میں سے ایک ’ان وٹریو فرٹیلائزیشن‘ کہلاتی ہے جس کے دوران خاتون کے انڈوں کو نکال کر لیبارٹری میں ایک سپرم کے ساتھ ان کا ملاپ کیا جاتا ہے جس کے بعد انھیں واپس خاتون کے پیٹ میں ڈال دیا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More