پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیوں میں ردوبدل، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے تک کمی

اردو نیوز  |  Dec 01, 2023

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر ردوبدل کیا گیا ہے۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت کو آئندہ 15 روز کے لیے 281 روپے 34 پیسے پر برقرار رکھا گیا ہے۔

جمعرات کی رات وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق ’ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے کمی کی گئی ہے۔‘

ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 289 روپے 71 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ 296 روپے 71 پیسے پر فروخت ہو رہا تھا۔

لائٹ ڈیزل کی قیمت 4 روپے 52 پیسے کم کی گئی ہے جس کے بعد اس کی فی لیٹر نئی قیمت 175 روپے 93 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔

اس سے قبل لائٹ ڈیزل فی لیٹر 180 روپے 45 پیسے پر فروخت ہو رہا تھا۔

وزارتِ خزانہ کے نوٹی فیکیشن کے مطابق ’مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 82 پیسے کمی کردی گئی ہے۔‘

اس طرح کمی کے بعد مٹی کے تیل کی فی لیٹر نئی قیمت 201 روپے 16 پیسے ہو گئی ہے جبکہ اس کی پرانی قیمت 204 روپے 98 پیسے تھی۔

ردوبدل کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق ’پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارش پر کیا گیا ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More