بلاول بھٹو کو آنے والے کل کا لیڈر بنانا اور سپورٹ کرنا ہے: آصف علی زرداری

اردو نیوز  |  Nov 30, 2023

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو آنے والے کل کا لیڈر بنانا اور اُس کو سپورٹ کرنا ہے۔

جمعرات کو کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر عوامی جلسے سے خطاب میں سابق صدر نے کہا کہ ’میرے بیٹے نے پہلا نوجوان وزیر خارجہ بن کر ملک کا نام بلند کیا۔ آج اُس کی اپنی ایک شناخت ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہر موسم میں، ہر دور میں ہم نے بلاول کی سپورٹ کرنی ہے، اس کی ہم نے تربیت کرنی ہے اور جو ہمیں آتا ہے وہ اُس تک ہم نے پہنچانا ہے، بلاول کو ہم نے یوتھ کا، آپ کا اور آنے والے لیڈر بنانا ہے اور اُس کو ہم نے سپورٹ کرنا ہے۔‘

قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے اپنے خطاب میں کہا کہ اُن کی جماعت اقتدار میں آئی تو ’یوتھ کارڈ‘ اور ’پیپلز چارٹر آف اکانومی‘ متعارف کرائیں گے۔

جمعرات کو کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر عوامی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا اگلا وزیراعلیٰ جیالا بنے گا اور اُن کی جماعت صوبے کی قسمت بدلے گی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ نئے دور کے تقاضوں کے مطابق ملک کو چلانا ہے۔

’ملک کو نئی سوچ اور نئی طرز کی سیاست کی ضرورت ہے، پرانی طرز کی سیاست تقسیم، نفرت اور انتقام پر مبنی تھی۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’یوتھ مرکز بنائیں گے اور نوجوانوں کے لیے یوتھ کارڈ لائیں گے، تعلیم اور روزگار میں مدد کریں گے۔‘

بلاول بھٹو نے کہا کہ پرانی سیاست کو دفن کرنا پڑے گا، اقتدار میں آ کر ملز مالکان کو سبسڈی دینے کے بجائے عوام اور کسانوں کو دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’ملک کے نوجوانوں کی نمائندگی کوئی کھلاڑی نہیں میں کروں گا۔ پیپلز پارٹی کا مخالف کوئی سیاست دان نہیں غربت، مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔‘

بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن اپنے ہاتھوں سے بنائیں گے۔ ’بے نظیر مزدور کارڈ بنے گا اور کسانوں کو سبسڈی دینے کے لیے بھی کارڈ بنائیں گے۔‘

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ’باقی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی عام لوگوں کی نمائندہ ہے۔ چینلز مالکان ہمیں نہیں دکھاتے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’کراچی میں دل کے امراض کے مفت کے علاج کا سب سے بڑا ہسپتال بنایا۔ کوئٹہ میں دل کے مفت علاج کا مرکز بناؤں گا۔‘

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ سیاست کے شوباز ہیں غریبوں کے کام صرف پیپلز پارٹی کرتی ہے۔ ن لیگ کو اب مہنگائی لیگ کہا جاتا ہے۔ موسمی جمہوریت پسند نہیں، ووٹ کو عزت دیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More