انڈیا میں علیحدگی پسند گروہ نے حکومت کے ساتھ معاہدے کے بعد ہتھیار ڈال دیے

اردو نیوز  |  Nov 29, 2023

انڈین ریاست منی پور کے ایک علیحدگی پسند مسلح گروپ نے تقریباً چھ دہائیوں بعد ملک کی مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ امن معاہدہ کرکے مسلح جدوجہد کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

بدھ کو انڈیا کے وزیر داخلہ امِت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں مسلح علیحدگی پسند گروہ ’یونائیٹڈ نیشنل لبریشن فرنٹ‘ کے ساتھ امن معاہدے کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ کے ساتھ کچھ تصاویر اور ویڈیو بھی شیئر کی جس میں علیحدگی پسند گروہ کے جنگجوؤں کو ہتھیار ڈالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

امِت شاہ نے لکھا کہ ’یہ وزیراعظم نریندر مودی کے ویژن کی بڑی کامیابی ہے جس کے تحت ترقی آئے گی اور شمال مشرقی انڈیا کے نوجوانوں کا مستقبل بہتر ہوگا۔‘

اس سے قبل منی پور کے وزیرِاعلیٰ این بیرن سنگھ نے علیحدگی پسند گروہ سے ہونے والی بات چیت کی تصدیق کی تھی۔

’یونائیٹڈ نیشنل لبریشن فرنٹ‘ کے جنگجو تقریباً چھ دہائیوں سے انڈیا کے خلاف گوریلا کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں اور منی پور کے انڈیا میں ضم ہونے کے مخالف تھے۔

The peace agreement signed today with the UNLF by the Government of India and the Government of Manipur marks the end of a six-decade-long armed movement.

It is a landmark achievement in realising PM @narendramodi Ji's vision of all-inclusive development and providing a better… pic.twitter.com/P2TUyfNqq1

— Amit Shah (@AmitShah) November 29, 2023

این ڈی ٹی وی کے مطابق اس سے قبل انڈیا کے پہاڑوں پر موجود تقریباً 25 چھوٹے بڑے گروہ حکومت کے سامنے ہتھیار ڈال کر امن معاہدے پر دستخط کر چکے ہیں۔

خیال رہے انڈین ریاست منی پور پچھلے کئی مہینوں سے خبروں میں ہے جس کی وجہ وہاں بسنے والے دو قبائل کے درمیان فسادات ہیں۔

مہینوں سے جاری ان فسادات میں اب تک 180 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنے گھروں کو چھوڑ کر دیگر علاقوں میں منتقل ہو چکی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More