ورلڈ کپ میں انڈیا کی شکست کا جشن منانے پر 7 کشمیری طالبِ علموں کے خلاف مقدمہ درج

اردو نیوز  |  Nov 28, 2023

انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں پولیس نے سات طالب علموں پر ورلڈ کپ میں انڈیا کی شکست کا جشن منانے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق طالبِ علموں کا تعلق ’شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی‘ سے ہے اور اُن کی جانب سے ورلڈ کپ میں انڈیا کی شکست کا جشن دیگر طالبِ علموں کے ساتھ ہونے والے ایک جھگڑے کے بعد منایا گیا تھا۔

خیال رہے آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان ورلڈ کپ کا فائنل 19 نومبر کو احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا اور یہ میچ انڈیا سات وکٹوں سے ہار گیا تھا۔

انڈین میڈیا کے مطابق کشمیری طالب علموں پر مقدمہ ’اَن لافُل ایکٹیویٹیز پریوینشن ایکٹ‘ کے تحت پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم کی شکایت پر درج کیا گیا ہے۔

سچن بینس نامی طالب علم کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ ’میچ کے بعد کشمیری طالب علموں نے مجھے بُرا بھلا کہا اور اپنے ملک کی حمایت کرنے پر دھمکیاں دیں، مجھے چُپ رہنے کا کہا اور گولی مارنے کی دھمکی بھی دی۔‘

شکایت کنندہ کی جانب سے کشمیری طالب علموں پر پاکستان کے حق میں نعرے لگانے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔

انڈیا کے زیرِانتظام کشمیر میں سٹوڈنٹ لیڈر ناصر کہویہامی نے ساتوں طالبِ علموں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے گورنر منوج سنھا اور وزیرِ داخلہ امِت شاہ سے اپیل کی ہے کہ طالبِ علموں کے خلاف مقدمہ خارج کیا جائے ’کیونکہ یہ ناقابلِ قبول سزا ہے جس سے اُن کا مستقبل تباہ ہوجائے گا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More