لیڈی ڈیانا کے بوائے فرینڈ ڈوڈی الفائد سے دھوکہ کھانے والی کیلی فِشر اب کہاں ہیں؟

اردو نیوز  |  Nov 21, 2023

مشہور زمانہ ٹی وی سیریز ’دی کراؤن‘ کا نیٹ فلیکس پر جب آخری سیزن ریلیز ہوا تو اس نے برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کے قریبی لوگوں کے حوالے سے چند سوالات کو جنم دیا۔

اس سیزن میں لیڈی ڈیانا کے مصری ارب پتی ڈوڈی الفائد کے ساتھ شروع ہونے والے روابط کو تفصیل سے دکھایا گیا ہے۔

امریکی میگزین اسکوائر کی رپورٹ کے مطابق ڈیانا سے ملاقات سے پہلے ڈوڈی الفائد امریکی ماڈل کیلی فِشر کو ڈیٹ کر رہے تھے۔

کیلی فِشر اور ڈوڈی الفائد کی 1996 میں پیرس میں ملاقات ہوئی تھی اور اُس وقت دونوں کے درمیان منگنی کی خبروں نے بھی جگہ بنائی تھی جس میں ڈوڈی نے اپنی محبوبہ کو ہیروں اور نیلم سے بنی ہوئی ایک بڑی انگوٹھی منگنی کے تحفے کے طور پر دی تھی۔

سنہ 1997 میں ایک کشتی میں سوار ڈوڈی الفائد اور ڈیانا کے درمیان بوسہ لینے کی تصویر شائع ہوئی تھی جس نے امریکی ماڈل کو کافی پریشان کر دیا تھا جس کے بعد فِشر اور ڈوڈی کے درمیان 7 اگست 1997 کو بریک اپ ہوگیا تھا۔

اس بریک کے بعد ڈوڈی الفائد کے خلاف کیلی فِشر نے مقدمہ درج کروایا تھا اور اُن پر الزام لگایا تھا کہ اُن دونوں کی 9 اگست 1997 کو شادی ہوئی تھی جس میں معاہدہ طے پایا تھا۔

اس مقدمے میں فِشر نے دعویٰ کیا تھا کی ڈوڈی نے انہیں پیرس میں رہائش دینے پر آمادہ کیا تھا اور اس کے ساتھ 5 لاکھ ڈالر دینے کا بھی وعدہ کیا تھا جس میں سے انہوں نے 4 لاکھ 44 ہزار ڈالر ادا نہیں کیے تھے۔

اُس وقت ایل اے ٹائمز نے خبر دی تھی کہ ڈوڈی الفائد نے کیلی فِشر کو 5 لاکھ ڈالر دینے کی پیشکش کی تھی کہ وہ امریکہ میں ماڈلنگ کا کیریئر چھوڑ کر پیرس منتقل ہو جائیں تاکہ وہ دونوں ایک ساتھ رہ سکیں۔

کیلی فِشر اب کہاں ہیں اور کیا کام کرتی ہیں؟

کیلی فِشر ماڈلنگ چھوڑ کر اب جنوبی کیرولینا میں پراپرٹی ڈیولپر کے شعبے سے منسلک ہیں۔ اُن کی 2007 میں میخائل ماوشینا نامی پائلٹ سے ملاقات ہوئی تھی جس کے ساتھ انہوں نے شادی کر لی تھی۔ شادی کے بعد انہوں نے اپنا نام کیلی فشر سے تبدیل کر کے کیلی ماوشینا رکھ دیا تھا۔

خیال رہے لیڈی ڈیانا، اُن کے بوائے فرینڈ ڈوڈی الفائد اور ڈرائیور کا 31 اگست 1997 کو پیرس میں کار حادثے میں انتقال ہوگیا تھا۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More