آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں ’پچ بدلنے‘ کے تنازع کے بعد آسٹریلیا نے کہا ہے کہ وہ اتوار کو ہونے والے فائنل میں انڈیا کی ’کسی بھی حکمت عملی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔‘فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فائنل سے قبل سنیچر کو ایک پریس کانفرنس میں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ’اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اپنے ملک میں اپنی وکٹ پر کھیلنے کے کچھ فائدے ہیں۔ لیکن ہم نے یہاں کافی کرکٹ کھیلی ہے۔‘’ہم اپنے خلاف کسی بھی حکمت عملی کے مقابلے کے لیے تیار ہوں گے۔ ہم یقینی بنائیں گے کہ ہمارے پاس کچھ منصوبے ہوں۔‘انڈین کرکٹ ٹیم اب تک اس ورلڈ کپ میں ناقابل تسخیر رہی ہے اور اس نے اپنے تمام 10 میچوں میں کامیابی حاصل کر کے احمد آباد میں ہونے والے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔تاہم انڈیا کی سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف 70 رنز سے کامیابی پر اس وقت تنازع پیدا ہو گیا جب یہ بات سامنے آئی کہ ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم کی جس پچ پر یہ میچ کھیلا گیا وہ نئی نہیں تھی بلکہ اس پر پہلے بھی دو میچ ہو چکے تھے۔اگرچہ استعمال شدہ پچ کا سیمی فائنل پر کوئی بڑا اثر نہیں پڑا اور اس میچ میں 700 سے زیادہ رنز بنے۔پیٹ کمنز نے اس سوال پر کہ کیا انہوں نے جس پچ پر فائنل ہونا ہے وہ دیکھی ہے؟ کہا کہ ’بس ایک نظر ڈالی ہے۔ میرے خیال میں پاکستان بھی یہاں کھیل چکا ہے۔‘پیٹ کمنز انڈیا کو شکست دے کر خود کو سٹیو وا اور رکی پوںٹنگ کی صف میں شامل کرنے کے لیے بے چین ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)انڈیا اور پاکستان کا چار ہفتوں پہلے احمد آباد میں مقابلہ ہوا تھا۔ انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرتے ہوئے گرین شرٹس کو 191 رنز پر آل آؤٹ کر دیا تھا، اور مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے میچ سات وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا۔آسٹریلیا پانچ دفعہ ورلڈ کپ جیت چکا ہے جو ایک ریکارڈ ہے اور 30 سالہ فاسٹ بولر پیٹ کمنز جو سنہ 2015 میں ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ تھے، انڈیا کو شکست دے کر خود کو سٹیو وا اور رکی پونٹنگ کی صف میں شامل کرنے کے لیے بے چین ہیں۔