کینسر میں مبتلا خاتون نے موت سے قبل لوگوں کا 16 ملین ڈالر کا طبی قرض ادا کر دیا

بی بی سی اردو  |  Nov 18, 2023

اس دُنیا میں اکثر ایسے لوگوں کی خبریں سامنے آتی ہیں کہ جو دوسروں کے لیے کچھ ایسا کر جاتے ہیں کہ رہتی دُنیا تک اُنھیں یاد رکھا جاتا ہے۔

ایسا ہی کچھ امریکی شہر نیو یارک سے تعلق رکھنے والی 38 سالہ کیسی میک انٹائر نے بھی کیا۔ انھوں نے اپنی وفات سے قبل اتنا پیسہ جمع کر لیا کہ وہ بہت سے ایسے لوگوں کی مدد کر سکیں جو اپنے میڈیکل بلز یا طبی قرضوں کی ادائیگی میں مُشکلات کا شکار تھے۔

کیسی نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ کو ایسے ترتیب دیا جو اُن کے موت کے بعد اُن کے چاہنے والوں کے لیے تھی۔ اس پوسٹ میں انھوں نے فالوورز سے کہا کہ ’وہ ان کی عطیات دینے کی درخواست پر غور کریں۔‘

انھوں نے کہا کہ وہ ’اپنی کامیاب زندگی کی خوشی میں ایسے لوگوں کی مدد کرنا چاہتی ہیں کہ جو میڈیکل بلز اور قرضوں تلے دبے ہوئے ہیں۔‘

انھوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’اگر آپ یہ پوسٹ پڑھ رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ میں آپ کے درمیان نہیں ہوں، اور میری وفات ہو چُکی ہے۔‘

اُنھوں نے مزید لکھا کہ ’میں نے آپ میں سے ہر ایک سے اپنے پورے دل سے محبت کی اور میں آپ سے وعدہ کرتی ہوں، اور یہ جانتی ہوں کہ آپ سب نے مجھے کتنا پیار دیا۔۔۔ اپنی زندگی کا جشن منانے کے لیے، میں نے دوسروں کا طبی قرض ادا کرنے کی ٹھانی اور پھرمیں آپ سب کی مدد سے کامیاب ہوئی اور اس کا انتظام کیا۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انھیں ’چوتھے درجے کے کینسر سے لڑتے ہوئے اعلیٰ معیار کی طبی دیکھ بھال تک رسائی حاصل ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ دوسروں کو کے لیے بھی حالات ایسے ہی ہوں۔‘

جمعے کی رات تک میک انٹائر اور ان کے اہل خانہ نے غیر منافع بخش آر آئی پی میڈیکل ڈیٹ کے ساتھ اپنی مہم کے لیے 160,000 ڈالر (128,000 پاؤنڈ) سے زیادہ جمع کیے۔ یہ ادارہ عطیہ کیے جانے والے ہر پیسے کے بدلے ایک ڈالر کا طبی قرض ادا کرتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ میک انٹائر کی مہم نے 16 ملین ڈالر کے طبی بلز کو ختم کرنے میں مدد کی۔

ہیلتھ ریسرچ کی غیر منافع بخش تنظیم کے ایف ایف کے اندازوں کے مطابق 10 کروڑ امریکی طبی قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں میک انٹائر کے اہل خانہ نے اپنی موت کا اعلان کرنے والی اس پوسٹ میں ایک نوٹ شامل کیا جس میں اُن کی جانب سے کہا گیا کہ ’وہ دسمبر میں نیو یارک سٹی کے پراسپیکٹ پارک میں ایک یادگاری تقریب ’ڈیبٹ جوبلی‘ کے نام سے منعقد کریں گے، جہاں وہ گمنام طور پر دوسروں کے طبی قرضوں کی ذمہ داری لے کر ان کی زندگی کا جشن منائیں گے۔‘

پبلشر میک انٹائر نے 2019 میں بیضہ دانی یا اووری کے سرطان کا علاج شروع کیا تھا اور اتوار کو ان کی وفات ہو گئی۔ ان کے پسماندگان میں ان کے شوہر اور 18 ماہ کی بیٹی شامل ہیں۔

ان کی پوسٹ کے مطابق انھوں نے اپنی زندگی کے آخری پانچ ماہ ورجینیا، روڈ آئیلینڈ اور نیو یارک میں دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ ہسپتال میں گزارے، ان لمحات کو انھوں نے ’جادوئی‘ قرار دیا۔

ایکس پر ایک پوسٹ میں ان کے شوہر اینڈریو روز گریگوری نے کہا کہ ’کیسی، ہم آپ سے محبت کرتے ہیں، ہم آپ کو یاد کرتے ہیں، آپ چلی تو گئیں ہیں، مگر آپ اب بھی ہمارے ساتھ ہیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More