انڈیا: سرنگ میں چار دن سے پھنسے مزدوروں کو پائپس کے ذریعے ادویات کی ترسیل

اردو نیوز  |  Nov 15, 2023

انڈیا میں گزشتہ چار دن سے سرنگ میں پھنسے 40 مزدوروں کو پائپ کے ذریعے ادویات پہنچا دی گئی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار سے ریاست اترکھنڈ میں امدادی کارکن ملبہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ مزدوروں کو باہر نکالنے کے لیے راستہ بنایا جا سکے۔

پولیس افسر پرشانت کمار کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں سے مشاورت کے بعد ادویات پائپس کے ذریعے مزدوروں کو پہنچا دی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔

پولیس افسر پرشانت کمار نے مزید کہا کہ خوراک اور آکسیجن بھی پائپ کے ذریعے مزدوروں کو پہنچایا گیا۔

امدادی کارکن گورو کمار کو امید ہے کہ پھنسے ہوئے مزدرورں کو ’جلد‘ نکال لیا جائے گا۔

جائے حادثہ کی سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملبے کے بڑے ڈھیر نے سرنگ کو بند کر رکھا ہے اور مڑی ہوئی دھاتی سلاخیں نظر آ رہی ہیں جس سے ریسکیو ورکرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔

سرنگ گرنے کا واقعہ اتوار کی صبح اس وقت پیش آیا تھا جب برہماکھل یمونتری شاہراہ پر تعمیراتی کام جاری تھا۔

یہ سرنگ وزیراعظم نریندر مودی کے سڑک منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد ملک کے چند مشہور ہندوؤں کے مقدس مقامات کے ساتھ ساتھ چین کی سرحد سے متصل علاقوں کے درمیان سفری حالات کو بہتر بنانا ہے۔

امدادی ٹیموں کی جانب سے واکی ٹاکیز کے ذریعے مزدوروں کے ساتھ بات چیت بھی کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ علاقے میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ اس کی وجہ بنی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی حقیقی وجہ جاننے کے لیے اب بھی تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More