عبدالرزاق کی ایشوریہ رائے سے متعلق مثال دینے پر معذرت: ’کرکٹ پر بات کرتے ہوئے کوئی عورت کی تضحیک کیسے کر سکتا ہے‘

بی بی سی اردو  |  Nov 15, 2023

Getty Images

’میری زبان پھسل گئی تھی۔ میں نے مثال کوئی اور دینا تھی مگر ایشوریہ جی کا نام منہ سے نکل گیا۔ میں اس پر معذرت کرتا ہوں اور میرا یہ مقصد نہیں تھا۔‘

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق کی جانب سے معذرت پر مبنی یہ جملے سوشل میڈیا پر اس وقت گردش کر رہے ہیں جس میں انھوں نے انڈین اداکارہ ایشوریہ رائے کے حوالے سے کہے گئے الفاظ پر معافی مانگی ہے۔

عبدالرزاق کے ویڈیو پیغام کے آغاز میں کہا گیا ہے کہ ’کل پریس کانفرنس میں کرکٹ کی اور کوچنگ کی بات ہو رہی تھی اور نیتوں کی بات ہو رہی تھی اور اس میں مثال کوئی اور دینا تھی اور میری زبان پھسل گئی۔۔۔‘

کرکٹرعبدالرزاق کے اس ویڈیو پیغام کے پیچھے کہانی کیا ہے؟ اس کے لیے ہمیں گھڑی کی سوئی کو پیچھے کرنا ہو گا۔

عبدالرزاق کا نام سوشل میڈیا پر اس وقت ٹرینڈ کرنے لگا تھا جب دو روز قبل انھوں نے ایک تقریب کے دوران سوال کے جواب میں نیت کے حوالے سے اپنی بات شروع کی۔ اور اس دوران ایک مثال کے بیچ میں وہ اداکارہ ایشوریہ رائے کا نام بھی لے آئے جس کے بعد سے اس نامناسب مثال پر عبدالرزاق کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کا یہ کلپ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

اس نامناسب جملے کو یہاں دوبارہ شائع نہیں کیا جا رہا لیکن اس وقت ان کے ہمراہ سٹیج پر سابق کپتان شاہد آفریدی اور فاسٹ بولر عمر گل بھی موجود تھے جو عبدالرزاق کی بات مکمل ہوتے ہی تالیاں بجاتے ہیں۔ اس کے بعد سے شاہد آفریدی اور عمر گل نے بھی اس بارے میں معافی مانگی ہے۔

تاہم سوشل میڈیا پر صارفین نہ صرف عبدالرزاق کے بیان پر تنقید کر رہے ہیں بلکہ ان کی جانب سے کی گئی معذرت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’اپنی معذرت کے دوران بھی وہ اپنے رویے کی مذمت نہیں کر رہے بلکہ یہ کہہ رہے ہیں کہ میں کسی اور خاتون کی مثال دینا چاہتا تھا۔۔۔ یہ ان کی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے۔‘

خیال رہے کہ عبدالرزاق پر اس سے قبل بھی کرکٹر ندا ڈار کے حوالے سے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران معیوب بیان دینے پر تنقید کی گئی تھی۔ انھوں نے اس دوران بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آپ اِن سے ہاتھ ملا کر دیکھیں تو یہ لڑکی تو نہیں لگتیں۔۔۔ آپ بالوں کی کٹنگ ہی دیکھ لیں۔۔۔‘

https://twitter.com/SAMAATV/status/1724466851147886795?t=dJUWWyNVsX0SjeAtnIxFHw&s=08

کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں عورت کی تضحیک کیوں؟

پاکستان میں آئے روز خواتین کے حوالے سے کسی بھی جانی پہچانی شخصیت کے منھ سے تضحیک آمیز الفاظ کی ادائیگی کوئی نئی بات نہیں لیکن اس بار بات تھی بالی ووڈ کی فنکارہ ایشوریہ رائے کی جن کے لاکھوں کروڑوں فینز صرف انڈیا میں نہیں بلکہ پاکستان میں بھی بستے ہیں۔

اس ویڈیو کلپ کا وائرل ہونا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عبدالزاق پر شدید تنقید کی جانے لگی۔ سپورٹس اینکر سویرا پاشا نے عبدالرزاق کےان ریمارکس کو ان کا ’احمقانہ‘ تبصرہ قرار دیتے ہوئے مذمتکی۔

ایکس پر انھوں نے لکھا ’کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے تشبیہہ کے طور پر ایک عورت کی تضحیک کوئی کیسے کر سکتا ہے۔ ایسی حماقت کر کے اپنی توہین کروانے سے بہتر ہے خاموش رہیں۔‘

انھوں نے لکھا کہ ’میں کسی ایسے شخص کی حمایت نہیں کرتی جو اس قسم کی ذہنیت کی حمایت کرتا ہے یا شاباشی کے لیے تالیاں بجائے۔‘

کئی صارفین نے عبدالرزاق بیان پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں ٹی وی پر مدعو نہ کیے جانے کی درخواست بھی کی ہے۔

نبیل جاوید نامی صارف نے لکھا کہ ’عبدالرزاق پر تمام ٹی وی چینلز پر آنے پر پابندی لگائی جائے، وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے دیگر کرکٹرز کو بھی سبق دیں۔

https://twitter.com/shoaib100mph/status/1724409939542909127?t=74LSVSwniKhCzeJC3FN2Vw&s=08

فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی اس معاملہ کے سامنے آنے کے بعد عبدارزاق کے جملوں کو قابل مذمت قرار دیا۔ شعیب اختر نے ’ایکس‘ پر لکھا: ’میں رزاق کے نامناسب مذاق/جملوں کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ کسی بھی خاتون کی اس طرحبےعزتی نہیں کرنی چاہیے۔‘

ساتھ ہی انھوں نے لکھا کہ عبدالرزاق کے اطراف بیٹھے لوگوں کو ہنسنے اور تالیاں بجانے کی بجائے فوراً اس پر آواز بلند کرنی چاہیے تھی۔

ایک صارف نے لکھا ’اچھی بھلی پوری قوم سے بابر اعظم اور کرکٹ ٹیم کو گالیاں پڑ رہی تھیں، پھر عبدالرزاق نے ان گالیوں کا رخ اپنی طرف موڑ لیا۔

’ایسے لوگوں کا نام لینا ہمیشہ غلط ہوتا ہے جو گفتگو کا حصہ نہ ہوں‘Getty Images

پاکستانی کرکٹ کے لیجنڈ شاہد آفریدی نے سما ٹی وی کے پروگرام میں اینکر کے سوال کے جواب میں عبدالرزاق کے بیان پر شدید مزمت کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’وہ بڑاغلط مذاق تھا اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ میں ویسے ہی ہنس رہا تھا جب میں گھر آیا تو کسی نے کلپ شیئر کیا تو مجھے پتہ چلا کہ رزاق نے کہا کیا ہے؟ جب میں نے غور سے سنا تو مجھے بڑا عجیب سا لگا۔ ایسا ہونا نہیں چاہیے کیونکہ کسی بھی ملک سے کسی کا تعلق ہو سب کی عزتیں سانجھی ہیں۔‘

واضح رہے کہ عبدالرزاق کے ان متنازعہ جملوں پر شاہد آفریدی اور عمر گل کی جانب سے تالیاں بجانے اور مسکرانے پر ان دونوں کو بھی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب کرکٹرعمر گل نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ایکس پر نہ صرف ان متنازعہ جملوں کی مزمت کی بلکہ اپنے اور شاہد آفریدی کے تالیاں بجانے کی وضاحت بھی پیش کی۔

عمر گل نے لکھا کہ ’شاہد آفریدی بھائی اور میں نےاس کلپ میں عبدالرزاق کی بات کی تائید کے لیے تالیاں نہیں بجائیں بلکہ وہ محض طنزیہ انداز تھا۔ نہ کہ ان کی طرف سے کہی گئی باتوں کی تعریف یا تائید۔‘

عمر گل نے مزید لکھا کہ ’یہ اخلاقی طور پربالکل غلط ہے۔ ہر ایک کا نقطہ نظر مختلف ہوتا ہے اور ایسے لوگوں کا نام لینا ہمیشہ غلط ہوتا ہے جو گفتگو کا حصہ بھی نہ ہوں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More