’ٹائیگر 3‘: را اور آئی ایس آئی کی کارروائیوں کے گرد گھومتی سلمان خان کی ایکشن فلم میں خاص کیا ہے؟

بی بی سی اردو  |  Nov 13, 2023

بالی وڈ کے ’سلطان‘ سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر 3‘ ہندوؤں کے سب سے معروف تہوار ’دیوالی‘ کے موقع پر اتوار کے روز انڈیا بھر کے سینما گھروں میں بڑے دھوم دھام کے ساتھ ریلیز ہوئی ہے۔

ایڈوانس بکنگ کے حساب سے اسے سلمان خان کی آج تک کی ’تیسری سب سے بڑی اوپننگ‘ کہا جا رہا ہے۔

’دی ہندوستان ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق اس فلم نے انڈیا میں پہلے دن 40 کروڑ کا بزنس کیا ہے جبکہ اِس سے قبل سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ کی اوپننگ 42 کروڑ روپے سے ہوئی تھی اور ’پریم رتن دھن پایو‘ کی 40 کروڑ 35 لاکھ روپے کے ساتھ ہوئی تھی۔

معروف فلمی ناقد اور فلم بزنس پر نظر رکھنے والے انفلوئنسر ترن آدرش ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ اتوار کے لیے اس فلم کی دو لاکھ 71 ہزار ٹکٹیں فروخت ہوئی تھیں جبکہ سوموار (آج) کے لیے ایک لاکھ سے زیادہ ٹکٹوں کی ایڈوانس بکنگ ہو گئی ہے۔

انھوں نے لکھا کہ پہلے دن پہلے شو تک فلم نے 10 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کر لیا تھا جبکہ ان کے مطابق ممبئی میں اس فلم کی سکریننگ کے لیے نصف رات یعنی 12 بجے رات کا خصوصی شو شروع کیا گیا ہے کیونکہ اس سے قبل کسی فلم کے لیے اتنا جوش نہیں پایا گیا ہے۔

یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کی پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا ہیں جبکہ منیش شرما نے اس فلم کی ہدایتکاری کی ہے۔

فلم میں سلمان خان کے ساتھ اداکارہ قطرینہ کیف اور اداکار عمران ہاشمی ہیں۔ اور سنہ 2017 میں آنے والی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کا اسے سیکوئل کہا جا رہا ہے۔

یہ فلم پہلی فلم کی طرح پاکستانی انٹیلیجنس ایجنسی ’آئی ایس آئی‘ اور انڈین خفیہ ادارے ریسرچ اینڈ اینلیسیں ونگ (را) کے درمیان خفیہ منصوبوں کی کہانیوں پر مبنی ہے۔ فلم میں سلمان خان نے انڈین جاسوس کا کردار ادا کیا ہے جبکہ عمران ہاشمی نے پاکستانی ایجنسی کے سربراہ کا کردار نبھایا ہے۔

اس فلم میں بالی وڈ کے بادشاہ کہے جانے والے اداکار شاہ رخ خان کا ایک چھوٹا سا کردار ہے اور وہ اپنی فلم ’جوان‘ کے کردار میں آ کر اویناش ’ٹائیگر‘ سنگھ راٹھور یعنی سلمان خان کو بچاتے ہیں جو کہ پاکستانی خفیہ ادارے کی قید میں ہوتے ہیں جبکہ عمران ہاشمی جاسوسوں کی جاری کشمکش میں کترینہ کیف کو بھی کھینچ لیتے ہیں۔

اسی طرح میجر کبیر دھالیوال کے رول میں اداکار رتک روشن بھی بطور مہمان اداکار سامنے آتے ہیں۔ ہندی، تمل اور تیلگو زبانوں میں بنی یہ فلم انڈیا کے سنیما گھروں میں اتوار کے روز ریلیز ہوئی۔

اس فلم کی بازگشت سوشل میڈیا پر ایک عرصے سے چل رہی تھی اور سلمان خان کے مداح اس فلم کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔

انسٹاگرام پر سکھوندر سنگھ نامی صارف نے انڈین پی ایم نریندر مودی کا ایک کلپ شیئر کیا ہے جس میں نریندر مودی سلمان کی فلم ’ایک تھا ٹائيگر‘ اور ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے حوالے سے کہا تھا کہ ’وہ وہیں نہ رکے، صرف زندہ ٹائيگر زندہ ہے سے کام نہیں چلے گا۔‘

https://www.youtube.com/watch?v=tZfRRzg8GDE

سلمان خان کے مداحوں نے پی ایم مودی کے اس وائرل کلپ پرکہا کہ سلمان خان وہ شخصیت ہیں جن کے فلم کی تشہیر انڈیا کے وزیر اعظم بھی کرتے ہیں۔ جبکہ شاہ رخ خان کے ایک مداح نے یہ بات یاد دلائی کہ شاہ رخ خان وہ شخصیت ہیں جن کے ڈائیلاگ ’بڑے بڑے دیشوں میں چھوٹی چھوٹی باتیں ہوتی ہیں‘ کو امریکی صدر براک اوبامہ نے دہرایا تھا۔

بہرحال شاہ رخ اور سلمان خان کے فینز آپس میں ہمیشہ ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کرتے رہتے اور یہ اسی طرح نظر آتا ہے جیسے فٹبال میں میسی اور رونالڈو کے مداح مباحثہ کرتے نظر آتے ہیں کرکٹ میں وراٹ کوہلی اور روہت شرما یا بابر اعظم کے مداح ایک دوسرے سے چھیڑ کرتے نظر آتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

یہ اور بات ہے کہ ان کی فلمیں چل نہیں رہیں: سلمان خان

سلمان خان کو اپنی فلم 'انتِم' کی ہیروئن سے معافی کیوں مانگنی پڑی؟

سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ ’ٹائیگر 3‘ تو بارہا ٹریلر اور ٹیزر کی ریلیز کے ساتھ ٹرینڈ کرتا رہا ہے لیکن گذشتہ روز سے ’ٹائیگر3 ریویو‘ ٹرینڈ کر رہا اور اس کے تحت لوگ اس فلم کی کہانی اور اس کے کرداروں کے حوالے سے بات کر رہے ہیں۔

فلم ناقد ترن آدرش نے لکھا کہ اگر اس فلم کی ایک لفظ میں تعریف کی جائے تو یہ ’سمیش ہٹ‘ ہے۔

سنی شائنس نامی ایک صارف نے سینیئر صحافی ابھیسار شرما کا فلم کے بارے میں تبصرہ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’جب بات ایکشن فلموں کی آتی ہے تو سلمان خان بالی وڈ کے آفیشل ڈیڈی ہیں۔ ان کا مقابلہ کوئی نہیں کر سکتا۔‘

جبکہ اس کلپ میں ابھیسار شرما کہتے ہیں کہ ’ایک عرصے بعد ایک ایسی ایکشن فلم دیکھی جس میں ایک لمحے کے لیے بھی میری نظر سکرین سے نہیں ہٹی۔ کیا یہ فلم پٹھان سے بہتر ہے؟ تو یہ یقیناً پٹھان سے بہتر ہے۔ نہ صرف یہ پٹھان سے بہتر ہے بلکہ اس سال اب تک جتنی بھی ایکشن فلمیں آئی ہیں ان سے یہ کہیں بہتر ہے۔‘

کچھ لوگ اگر جاسوسی فلموں کی اسے بہترین سٹوری قرار دے رہے ہیں تو کچھ لوگ اسے سلمان خان کی بہترین ایکشن فلم کہہ رہے ہیں۔ جبکہ سلمان خان کے مداح فلم تھیئٹر کے باہر اور اندر ان کی فلم کا جشن منا رہے ہیں اور ان کی ویڈیوز وائرل ہیں۔

ایک صارف نے ایک تھیئٹر کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں جب سلمان خان پہلی بار سکرین پر آتے ہیں تو لوگ ہال کے اندر پٹاخے اور پھلجھڑیاں اور ماہتابیاں چھوڑنے لگتے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’اگر چہ ہال کے اندر پٹاخے چلانا خطرناک ہو سکتا ہے لیکن مداحوں کو کون روک سکتا ہے۔‘

کچھ لوگ یہ لکھ رہے ہیں کہ جب فلم میں شاہ رخ خان کی جوان کے رول میں انٹری ہوتی ہے تو ہال میں سب سے زیادہ شور سنا گیا جبکہ انکت سولنکی نامی صارف لکھتے ہیں کہ ’رتک روشن کا ٹائیگر 3 میں چھوٹا سا رول خالص سینیمائی جادوگری ہے۔ ان کی موجودگی پہلے سے ہی شاندار فلم میں شاندار ہونے کی ایک سطح اور جوڑ دیتی ہے۔ یہ ناقابل فراموش حیرت انگیز اضافہ ہے جو کہ جوش کو ایک نئی بلندی پر لے جاتا ہے۔‘

https://twitter.com/ankitsolanki96/status/1723728427185053816

سلمان خان بالی وڈ کے ایسے اداکار ہیں جن کی سب سے زیادہ فلموں نے 100 کروڑ کی کمائی کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ ان دنوں انڈین فلموں کا 100 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کامیابی کی ایک نئی سطح قرار پائی ہے۔

فلم میں صرف سلمان خان کی موجودگی ہی فلم کے ہٹ ہونے کی ضامن ہوتی ہے کیونکہ آخر سلمان خان ’کسی کے بھائی اور کسی کی جان‘ تو پہلے سے ہی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More