عمران خان کی بیٹوں سے بات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہین عدالت کا نوٹس

اردو نیوز  |  Nov 06, 2023

پاکستان کے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بیٹوں سے بات نہ کرانے پر اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔

پیر کو خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل ایڈووکیٹ شیراز احمد رانجھا کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ’عدالتی احکامات کے باوجود سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عمران خان کی اپنے بیٹوں سلمان اور قاسم سے بات نہیں کرائی۔‘

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔

عدالت نے جیل حکام کو جواب کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آٹھ نومبر تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں بیٹوں سے ٹیلیفونک گفتگو کی اجازت دی تھی۔

جج ابوالحسنات نے تحریری فیصلے میں کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی فیملی کے تحفظات اور ملزم کے آئینی حقوق کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، جیل سپرنٹینڈنٹ کو چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کے بیٹوں سے بات کروانےکی ہدایت کی جاتی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More