عمران خان سے ڈاکٹر فیصل سلطان کی ملاقات، ’سلو پوائزننگ کی علامات نظر نہیں آئیں‘

اردو نیوز  |  Nov 02, 2023

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے سلو پوائزننگ سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کوئی علامات نظر نہیں آئیں جن کو دیکھ کر کہا جا سکے کہ انہیں خوراک میں سلو پوائزننگ یا آہستہ آہستہ زہر دیا جا رہا ہے۔

جمعرات کو اڈیالہ جیل میں عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا کے ساتھ گفتگو میں ڈاکٹر فیصل سلطان سے پوچھا گیا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو سلو پوائزننگ دینے کی بات میں کتنی صداقت ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے ان کا مختصر طبی معائنہ کیا اور مجھے کوئی ایسی چیز نظر نہیں آئی۔ وہ مجھے ہشاش، خوش اور ایکٹو نظر آئے۔ ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔‘

ان سے پوچھا گیا کہ عمران خان نے خود اپنی فیملی کو بتایا کہ انہیں سلو پوائزننگ دی جا رہی ہے تو ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ’میں نے ان سے پوچھا تھا۔ انہوں نے (فیملی سے) صرف خدشے کا اظہار کیا تھا کہ انہیں سلو پوائزننگ دی جا سکتی ہے، شاید اسے غلط سمجھا گیا ہے۔ مجھے بظاہر ایسی کوئی چیز نظر نہیں آئی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے خوراک کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں کی، وہ جیل میں ورزش بھی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے ایکس (ٹوئٹر) پر عمران خان کی جانب سے اپنی فیملی کو دیے جانے والا ایک بیان پوسٹ کیا تھا کہ جس میں سابق وزیراعظم نے لکھا تھا کہ ’چونکہ میں اپنا ملک چھوڑ کر جانے پر کبھی آمادہ نہیں ہوں گا چنانچہ اس بات کا قوّی امکان ہے کہ یہ جیل میں میری جان لینے کی ایک اور کوشش کریں۔ یہ کوشش مجھے آہستہ آہستہ زہر دینے (سلو پوائزننگ) کی صورت میں بھی ہوسکتی ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More