حماس سے لڑائی میں اسرائیل ’بہت آگے بڑھ رہا ہے‘: سکاٹش وزیراعظم

اردو نیوز  |  Oct 14, 2023

سکاٹ لینڈ کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ حماس کے ساتھ تنازعے میں اسرائیل ’بہت آگے جا رہا ہے‘ اور اس میں غزہ کے بے گناہ شہریوں کو ’مجموعی نقصان‘ کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

عرب نیوز کے مطابق سکاٹش وزیراعظم حمزہ یوسف نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں انسانی امداد لے جانے کے لیے راستہ کھلوائے اور اُن شہریوں کی مدد کرے جو علاقے سے نکلنا چاہتے ہیں۔

حمزہ یوسف کا کہنا تھا کہ ’تباہ کن انسانی بحران جںم لے چکا ہے اور غزہ کے 22 لاکھ شہریوں کو اجتماعی سزا دینے کا کوئی جواز قابلِ قبول نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ اسرائیل میں مرنے والوں سے ’مکمل ہمدردی‘ ہے مگر بے گناہ فلسطینیوں کو دہشت گرد گروپ کے اقدامات کی قیمت ادا نہیں کرنی چاہیے۔

سکاٹش وزیراعظم نے یہ بیان اس وقت دیا جب اُن کی ساس الزبتھ النکلہ غزہ سے جاری ایک ویڈیو پیغام میں عالمی برادری سے فلسطینیوں کے لیے مدد کی اپیل کی۔

الزبتھ النکلہ نرسنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں اور اپنے شوہر میگڈ کے ساتھ غزہ میں مقیم ہیں۔

حمزہ یوسف نے کہا کہ اُن کی ساس ’ذہنی دباؤ کا شکار ہیں‘ اور اُن کا ویڈیو پیغام دیکھنا ’بہت مشکل‘ کیونکہ وہ خود ’بے بسی‘ کی کیفیت میں ہیں۔

رواں ہفتے حمزہ یوسف نے برطانیہ کے وزیر خارجہ جیمز کلیورلی کو ایک خط میں کہا ہے کہ وہ اسرائیل کی حکومت سے درخواست کریں کہ عام شہریوں کو غزہ سے رفح بارڈر کے ذریعے مصر میں جانے کی اجازت دیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More