ورلڈ کپ: 345 کے ہدف کے تعاقب میں دو وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کی سست بیٹنگ

اردو نیوز  |  Oct 10, 2023

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے ساتویں میچ میں 345 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔ 

اب سے کچھ دیر پہلے تک پاکستان نے 15 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز بنا لیے تھے۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 16 رنز پر گری جب امام الحق مادھوشنکا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد پاکستان کو دوسرا نقصان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 10 کے سکور پر مادھوشنکا کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سری لنکا نے پاکستان کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس نے 122، سدیرا سماراوِکاراما نے 108 جبکہ پاتھم نشانکا نے 51 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے حسن علی نے چار، حارث رؤف نے دو جبکہ محمد نواز، شاہین آفریدی, اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا نے اپنی اننگز کے آغاز سے ہی پاکستانی بولرز کو قابو میں کیے رکھا جس کے باعث پاکستانی بولرز کے ساتھ ساتھ فیلڈرز بھی دباؤ کا شکار نظر آئے۔

کوشل مینڈس نے 77 گیندوں پر 14 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 122 رنز بنائے۔کوشل مینڈس کو حسن علی نے 28 ویں اوور کی پانچویں گیند پر آؤٹ کیا جس کے بعد چاریتھ اسالانکا بھی حسن علی کی گیند پر ایک سکور بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

سری لنکا کے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی پاتھم نشانکا تھے جو 51 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر عبداللہ شفیق کو کیچ تھما بیٹھے۔

پاکستان کو پہلی کامیابی دوسرے اوور میں ملی جب کوشل پریرا بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

منگل کو حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی انٹرنیشل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والا یہ میچ ایونٹ میں دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو شکست دے دی تھی جبکہ سری لنکا کو میگا ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف میچ میں گزشتہ میچ کی پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی ہے جس کے بعد اوپننگ بیٹر فخر زمان کی جگہ عبداللہ شفیق کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اسی طرح سری لنکا نے بھی اس میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی ہے جس کے بعد کاسن راجیتھا کی جگہ مہیش تھیکشانا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

سری لنکا کے خلاف میچ میں پاکستانی بولرز کے ساتھ ساتھ فیلڈرز بھی بے بس دکھائی دیے۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)اگر دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے ورلڈ کپ میں کھیلے گئے میچوں کی بات کی جائے تو اب تک پاکستان اور سری لنکا ورلڈ کپ ایونٹس میں سات مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں ساتوں مرتبہ پاکستان کو جیت ملی ہے۔

اس سے قبل 2019 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان گروپ میچ بارش کے باعث نہ ہو سکا تھا تاہم منگل کو حیدرآباد دکن میں موسم معتدل رہے گا جس میں بارش ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔

دوسری جانب اگر دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچوں کی تاریخ کو دیکھا جائے تو اُس میں بھی گرین شرٹس کا لنکن لائنز پر پلہ بھاری نظر آتا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 156 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں جس میں 92 مرتبہ پاکستان جبکہ 59 مرتبہ سری لنکا کو کامیابی حاصل ہوئی۔

پاکستان کی پلئینگ الیونامام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف۔

سری لنکا کی پلیئنگ الیونپاتھم نشانکا، کوشل پریرا، کوشل مینڈس (وکٹ کیپر)، سدیرا سمارا وِکاراما، چاریتھ اسالانکا، دھننجایا ڈی سِلوا، داسن شناکا (کپتان)، دینتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشانا، دلشن مدھوشنکا، ماتھیشا پتھیرانا۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More