مسقط سے آسلام اباد آنے والی عمان ایئر کی پرواز میں پاکستانی مسافر کے انتقال پر طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی ایئر پورٹ پر اتارا گیا میت کو ایئرپورٹ کے عملے کے حوالے کرکے پرواز دوبارہ منزل کی طرف روانہ ہوئی۔
عمان ایئر کی پرواز ڈبلیو وائی 345 نے مسقط سے مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 4 منٹ پر اسلام آباد کے لیے اڑان بھری ، عمانی بوئنگ 737 طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں ہوشاب کے قریب تھا کہ ایک مسافر کی طبیعت خراب ہو گئی۔
پرواز کو ہنگامی طور پر صبح 5 بج کر 36 منٹ پر کراچی ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا جہاں لینڈنگ کے بعد معائنہ کرنے پر ڈاکٹروں نے بشارت نامی مسافر کی موت کی تصدیق کر دی۔
آزاد کشمیر کے علاقے باغ سے تعلق رکھنے والے مسافر بشارت کی میت کراچی ایئر پورٹ پر ایئر لائن کے عملے کے حوالے کر دی گئی جس کے بعد پرواز دیگر مسافروں کو لے کر اسلام آباد روانہ ہو گئی۔
یاد رہے کہ پرواز کے دوران اکثر مسافروں کی طبیعت بگڑنے کی اطلاعات موصول ہوتی ہیں اور کئی بار مسافر انتقال بھی کرجاتے ہیں جس کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ بھی کی جاتی ہے۔