ایشیئن گیمز: کبڈی کے مقابلوں میں پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ

اردو نیوز  |  Oct 07, 2023

چین میں جاری ایشین گیمز میں کبڈی کے مقابلوں میں انڈیا نے پاکستان کو سیمی فائنل میں شکست دے دی ہے۔

جمعے کو چین کے شہر ہینگزو میں کھیلے گئے کبڈی سیمی فائنل میں انڈیا نے پاکستان کو 14 کے مقابلے میں 61 پوائنٹس سے شکست دی۔

اس جیت کے بعد انڈیا نے آٹھویں مرتبہ ایشین گیمز میں کبڈی کے مقابلوں کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کے حصے میں کانسی کے تمغہ آٰیا ہے۔

ایشین گیمز میں دونوں حریفوں کے درمیان کبڈی کا یہ سیمی فائنل یکطرفہ رہا جہاں ہاف ٹائم تک انڈیا کا سکور 30 جبکہ پاکستان کا سکور 5 تھا۔

پاکستان نے دوسرے ہاف میں مزاحمت کرنے کی کوشش کی تاہم انڈیا نے مزید زور لگاتے ہوئے سنیچر کو ہونے والے فائنل میں جگہ بنا لی۔

یہ رواں برس کے ایشین گیمز میں انڈیا کی پاکستان کے خلاف ساتویں جیت تھی۔

خیال رہے ایشین گیمز میں کبڈی کے مقابلوں کو 1990 میں متعارف کروایا گیا تھا جس کے بعد سے لے کر اب تک انڈیا اس میں سات سونے کے تمغے جیت چکا ہے۔

انڈیا کو 2018 میں انڈونیشیا میں کھیلے گئے ایشین گیمز میں کبڈی کے سیمی فائنل میں ایران کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More