13 فٹ لمبے مگرمچھ کے منھ میں خاتون کی لاش: ’ایسے تو کسی کو بھی نہیں مرنا چاہیے‘

بی بی سی اردو  |  Sep 25, 2023

Getty Images

امریکی ریاست فلوریڈا میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک 13 فٹ لمبے مگرمچھ کو اس وقت ہلاک کر دیا گیا جب اس کے جبڑوں میں ایک عورت کی باقیات کو دیکھا گیا۔

ایک عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اس نے لارگو نہر میں مگرمچھکو اپنے منہ میں ایک انسان کا نچلا دھڑ پکڑے ہوئے دیکھا تھا۔

پائنیلاس کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے کہا کہ مگرمچھ کو مار دیا گیا اور اس آبی گزرگاہ سے جو باقیات ملیں وہ 41 سالہ سبرینا پیکہم کی تھیں۔

اس معاملے میں تحقیقات کے بعد ہی یہ پتا چل پائے گا کہ خاتون کی موت کن حالات میں ہوئی۔

پولیس نے بتایا کہ لارگو نہر میں ایک لاش کی خبر کے بعد جمعے کو مقامی وقت کے مطابق 13:50 پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

جیمارکس بولارڈ نے کہا کہ وہ نوکری کے انٹرویو کے لیے جا رہے تھے کہ انھوں نے ایک مگرمچھ کو دیکھا جس کے منھ میں انسانی پتلے جیسا کچھ تھا۔

بولارڈ نے مقامی براڈکاسٹر فاکس 13 کو بتایا کہ ’میں نے دیکھا کہ اس کے منہ میں کسی کا جسم ہے، یوں سمجھیے کہ نچلا دھڑ۔ اس لیے جیسے مجھے یہ احساس ہوا میں سیدھا فائر سٹیشن کی طرف بھاگا۔‘

’میں نے حقیقی زندگی میں پہلی بار کسی مگرمچھ کو دیکھا تھا اس لیے مجھے لگا کہ یہ بہت اچھا ہے لیکن ایک بار جب میں نے دیکھا کہ اس کے منھ میں کیا ہے تو مجھے لگا کہ یہ کسی انسانی پتلے جیسا ہے۔‘

انھوں نے ایک دوسرے انٹرویو میں کہا کہ ’مگر مچھ نے دھڑ کو جبڑے میں دبا رکھا تھا اور پیچھے کی جانب تیر کر نہر کی تہہ میں چلا گيا۔۔۔ مجھے یقین نہیں ہوا کہ کیا واقعی یہ سب حقیقی ہے۔‘

پیکہم کے لیے ان کے اہلخانہ کی جانب سے چندہ جمع کرنے کا صفحہ بنایا گیا ہے۔ اس میں ان کے بارے میں بتایا گيا ہے کہ وہ اپنی موت کے وقت جنگل والے علاقے کے قریب ایک کیمپ میں رہ رہی تھیں۔

بریونا ڈورس، جو خود کو مرنے والی خاتون کی بیٹی بتاتی ہیں، نے فیس بک پر لکھا کہ ’یہ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اندھیرے میں نالے کے قریب اپنے کیمپ کی جگہ پر یا یہاں سے وہاں چل قدمی کر رہی ہوں گی مگرمچھ نے پانی سے نکل کر انھیں آ دبوچا ہو گا۔ ایسے تو کسی کو بھی نہیں مرنا چاہیے۔‘

حکام نے بتایا کہ مرنے والے مگرمچھ کو نہر سے ہٹا لیا گیا ہے۔ اس کے بعد پولیس کی غوطہ خور ٹیم نے خاتون کی باقیات برآمد کیں۔

نیوز فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اور ایمرجنسی گاڑیوں سے گھری ہوئی سڑک کے کنارے ایک بہت بڑا مگرمچھ پڑا ہوا ہے۔

نہر کے آس پاس کے رہائشیوں نے بتایا کہ انھوں نے اس علاقے میں پہلے بھی چھوٹے چھوٹے مگرمچھ دیکھے تھے لیکن اس معاملے میں پائے جانے والے جانور کے سائز کے نہیں۔

ایک مقامی رہائشی نے بتایا کہ ’یہ عجیب و غریب ہے۔ میرے بچے ہر وقت وہاں سے گزرتے رہتے ہیں۔ اس لیے یہ واقعی ڈراؤنی بات ہے۔ میں نے چار پانچ فٹ کے مگرمچھ تو دیکھے تھے لیکن اتنا بڑا نہیں دیکھا تھا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More