پاکستان میں اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے جاری تناؤ کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں عام انتخابات کا اعلان کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے آج حلقہ بندیوں کا جائزہ لینے کے بعد حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ ای سی پی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد 30 نومبر کو حتمی فہرست دی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حتمی فہرست کے 54 دن بعد جنوری کے آخری ہفتے میں ملک میں عام انتخابات کرائے جائیں گے۔اس حوالے سے نگراں حکومت کا مؤقف تھا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے اور الیکشن کمیشن ہی عام انتخابات کی تاریخ دے گا، جب بھی الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے گا ہم اس کے لیے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد سیاسی جماعتوں کی جانب سے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن سے ملک میں جلد صاف شفاف عام انتخابات کروانے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا تھا۔
صدر مملکت عارف علوی نے اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 3 ماہ میں انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو تجویز دی تھی لیکن الیکشن کمیشن نے صدر کی تجویز کو رد کردیا تھا۔