مجھے عہدے سے ہٹانے کا حکم دینے والے چار ججوں کے پیچھے دو جرنیل تھے: نواز شریف

اردو نیوز  |  Sep 18, 2023

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ اُن کو وزیراعظم کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دینے والے چار ججوں کے پیچھے ’جنرل ریٹائرڈ قمر باجوہ اور جنرل ریٹائرڈ فیض حمید تھے۔‘

پیر کی رات پنجاب کے پارٹی عہدیداروں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب میں مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ بعض نقصانات زندگی میں پورے ہو جاتے ہیں لیکن بعض کا ازالہ ممکن نہیں ہوتا، پاکستان کی تاریخ میں اتنی تلخیاں نہیں آنی چاہییں تھی، جتنی لائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ معاملات تلخی کی اس نہج پر نہیں جانے چاہییں تھے، ماضی میں ایسا نہیں ہوا تھا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’جو شخص ملک کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلاتا ہے، چار جج بیٹھ کر کروڑوں عوام کے مینڈیٹ والے وزیراعظم کو گھر بھیج دیتے ہیں، اس کے پیچھے جنرل باجوہ اور جنرل فیض تھے۔‘

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’جنرل باجوہ اور جنرل فیض کے آلہ کار ثاقب نثار، آصف سعید کھوسہ تھے۔‘

یہ کون لوگ ہیں جنہوں نے آج پاکستان کا یہ حشر کر دیا ہے آج غریب روٹی کو ترس رہا ہے، ملک کو اس حال تک کس نے پہنچایا ہے؟آج عوام روٹی کے لئے پریشان ہے، 2017 میں تو یہ حالات نہیں تھے2017 میں آٹے، گھی اور 50 روپے چینی مل رہی تھی۔2017 میں جسے 1000 کا بل آتا تھا، اسے آج 30 ہزار بجلی… pic.twitter.com/6kuwQRVBGC

— PMLN (@pmln_org) September 18, 2023

نواز شریف نے کہا کہ عوام روٹی کھائیں، بجلی کا بل ادا کریں یا دوائی خریدیں، ملک اور عوام کو ان حالات سے دوچار کرنے والے کون ہیں؟  قوم کو اس حالت تک پہنچانے والے کردار اور چہرے ہمارے سامنے ہیں۔ ’ہمارا تو ایک منٹ میں احتساب ہوتا پے، ملک وقوم کو اس حال کو پہنچانے والوں کا احتساب بھی ہوگا؟‘

ان کا کہنا تھا کہ ’آج غریب روٹی کو ترس رہا ہے، ملک کو اس حال تک کس نے پہنچایا ہے؟ عوام روٹی کے لیے پریشان ہیں، سنہ 2017 میں تو یہ حالات نہیں تھے۔‘

انہوں نے کہا کہ سنہ 2017 میں جس کا ایک ہزار کا بل آتا تھا، اسے آج 30 ہزار بجلی کا بل آ رہا ہے۔ عوام کہاں سے یہ بجلی کے بل ادا کریں؟ ’قوم کو یہ سب حقائق معلوم ہونے چاہییں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اس کے مجرم کون ہیں، قوم کو انہیں معاف نہیں کرنا چاہیے۔ مٹی پاؤ نہیں چلے گا، یہ مٹی پاؤ والا معاملہ نہیں ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More