ضلع بنوں میں خواتین کے بازار جانے پر پابندی لگانے کا مطالبہ 

اردو نیوز  |  Sep 18, 2023

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کی تحصیل ڈومیل میں شہریوں نے احتجاج کے دوران خواتین کے بازار جانے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔

تحصیل ڈومیل میں جمعے کو شہریوں کی جانب سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے خلاف احتجاج کیا گیا جس میں مقامی رہنما ملک تاوانی کی قیادت میں دیگر عمائدین نے شرکت کی۔

احتجاج کے دوران بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت رقم کی تقسیم کے لیے خواتین کی لمبی قطاروں اور نامناسب انتظامات پر انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ 

مقامی رہنما ملک تاوانی کا کہنا تھا کہ خواتین کو چند روپوں کے لیے بے عزت کیا جا رہا ہے وہ شام تک بازاروں میں کھڑی رہتی ہیں جو پختون معاشرے میں بے عزتی کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین آئندہ ڈومیل بازار نہ جایا کریں اور ضرورت پڑنے پر گھر کے کسی مرد کو ساتھ لے کر جائیں۔

مقامی رہنما ملک تاوانی کے مطابق نادرا کے دفاتر میں بھی خواتین کو خوار کیا جاتا ہے، اسی لیے مرد حضرات سے درخواست ہے کہ اپنی خواتین کو اکیلے بازار نہ جانے دیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور نادرا ویلج کونسل کی سطح پر اپنا سسٹم لگائے جہاں خواتین کے لیے آسانی ہو۔

مقامی صحافی منظور الدین نے اردو نیوز کو بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دی گئی رقم کی وصولی کے لیے خواتین کا رش بہت زیادہ ہوتا ہے اور بدانتظامی کے باعث متعدد بار دھکم پیل کے واقعات بھی ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ خاتون کے ساتھ ایک مرد کو آنے کی بھی اجازت ملنی چاہیے۔

ضلعی انتظامیہ کا موقف 

تحصیل ڈومیل کی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے کہا کہ خواتین سب کے لیے قابل احترام ہیں جہاں ان کو مشکلات ہوں گی، وہاں بہتر انتظامات مہیا کرنے کے لیے ہدایت کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی اور نادرا انتظامیہ کو مطالبات سے متعلق آگاہ کر دیا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ خواتین کے ساتھ مردوں کے ساتھ آنے سے رش بڑھ جائے گا۔

دوسری جانب ضلع بنوں کے علماء کرام نے غیر مقامی خواجہ سراوں کو ضلع بدر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کے مطابق دوسرے شہروں سے آئے ہوئے خواجہ سرا غیر اخلاقی کاروبار میں ملوث ہیں اور انہیں فی الفور ضلع سے نکالا جائے۔

علمائے کرام کے اس مطالبے پر خواجہ سراؤں نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ضلع بنوں میں 21 اگست 2022 کو خواتین کے پارک جانے پر پابندی کا مطالبہ بھی سامنے آیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More