’سرمایہ کاری کے نام پر وہ میرے ہزاروں پاؤنڈز لے اڑا‘: دھوکے باز رومانوی تعلق میں پھنسا کر کیسے لوٹتے ہیں؟

بی بی سی اردو  |  Sep 18, 2023

لنڈا ینک برطانیہ کے ایک چھوٹے سے ساحلی قصبے میں رہتی ہیں۔ کچھ عرصہ قبل ہی انھوں نے اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپنی 24 برس کی شادی کا خاتمہ کیا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ وہ بیشتر اوقات خود کو گھر میں تنہا محسوس کرتی تھیں۔

ان کے بچے یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کر چکے تھے اور اب وہ ان سے دور اپنی اپنی زندگیوں میں مگن تھے جبکہ لنڈا کی اپنے پڑوسیوں اور آس پاس کے لوگوں سے بھی کوئی زیادہ سلام دعا نہیں تھی۔

اپنی تنہائی کو دور کرنے کے لیے اب وہ ایک نئے تعلق کے لیے تیار تھیں، چنانچہ انھوں نے آن لائن ڈیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ لنڈا ایک سپیشل ایجوکیشن سکول کی منتظم ہیں۔ 50 سال سے زائد عمر کے لوگوں کی ڈیٹنگ ویب سائٹ پر جلد ہی ان کی ملاقات ایک ’خوبصورت شخص‘ سے ہوئی۔

اور پھر اس خوبصورت شخص کے ساتھ صرف چھ ماہ کے تعلق کے دوران وہ اپنی جمع پونجی یعنی 120000 پاؤنڈسے زیادہ کا دھوکہ کھا چکی تھیں۔

لنڈا یاد کرتی ہیں کہ وہ کس طرح روزانہ ای میلز، میسجز اور رات دیر تک فون کالز کے ذریعے اس شخص سے رابطے میں رہتی تھیں اور اس کی محبت میں گرفتار ہو چکی تھیں۔

لنڈا یاد کرتی ہیں کہ وہ سوچتی تھیں کہ وہ بہت پیار کرنے والا اوردیکھ بھال کرنے والا ہو گا۔ ’میں اس ہیجانی کیفیت کو کنٹرول نہیں کر سکی، یہ ایک نشہ سا تھا۔ جب بھی میرا فون بجتا یا اس کی طرف سے کوئی پیغام آتا، میری پوری دنیا روشن ہو جاتی۔‘

دونوں جلد ہی (یا اس کیس میں صرف لنڈا) اپنے مستقبل کی زندگی کے بارے میں خواب دیکھ رہے تھے۔ یہی وہ وقت تھا جب اُس شخص نے لنڈا سے سرمایہ کاری کرنے کے لیے پیسے مانگے۔

لنڈا کہتی ہیں کہ شروع میں انھیں لگا کہ اسے رقم بھیجنا ٹھیک نہیں ہے۔ لیکن اس دوران وہ انھیں یقین دلاتا رہا کہ ’ہم صرف اپنے مستقبل میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ یہ سب ہمارے پاس واپس آ جائے گا۔‘

لنڈا اپنے تجربے کو ’عارضی پاگل پن‘ کے طور پر دیکھتی ہیں اور کہتی ہیں کہ درحقیقت وہ ’اس کے سحر میں مبتلا تھیں۔‘

’چیریٹی ویکٹم سپورٹ‘ میں رومانس فراڈ کی ماہر لیزا ملز کہتی ہیں کہ ’گیس لائٹنگ‘ دھوکہ دینے کا ایک عام طریقہ ہو سکتا ہے۔ ’یہ تکلیف متاثرہ افراد کی ذہنی اور جسمانی صحت پر بہت زیادہ اثر ڈالتی ہے۔‘

یاد رہے کہ ’گیس لائٹنگ‘ نفسیاتی ہیرا پھیری کی ایک شکل ہے جس میں نشانہ بنانے والا شخص اپنے شکار کے ذہن میں ’خود پر شک‘ اور کنفیوژن کے بیج بو دیتا ہے اور متاثرہ شخص کے فیصلوں پر اثرانداز ہوتا ہے۔

رومانوی فراڈ پر مبنی بی بی سی کی ڈرامہ سیریز ’دی فالونگ ایونٹس آر بیسڈ آن پیک آف لائز‘ کی شریک مصنفہ جینی سکینر کے لیے ان معاملات کا مرکزی موضوع ’گیس لائٹنگ‘ اور 'انتہائی خوفناک تجربہ‘ ہے۔

یہ وہ چیز ہے جس کا سامنا وہ اور ان کی مصنفہ بہن پینیلوپ نے اپنی تحقیق کے دوران گیس لائٹنگ سے متاثر ہونے والے حقیقی کرداروں سے بات کرتے ہوئے سامنا کیا۔

’دھوکہ دہی ہر جگہ ہے‘

رومانوی دھوکہ دہی جیسے جرائم کی ماہر لیزا کے مطابق اگر متاثرین رومانوی دھوکہ بازوں کو پیسے بھیجنے کے بارے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں تو انھیں اکثر ایسے جملے سننے کو ملتے ہیں ’اگر آپ واقعی مجھ سے محبت کرتے ہیں، تو آپ یہ سوال نہیں کریں گے کہ مجھے اس رقم کی ضرورت کیوں ہے۔‘

یا یہ کہ ’آپ نے پہلے کہا تھا کہ آپ میری مدد کرنا چاہتے ہیں، اب کیا بدل گیا ہے؟‘

وہ کہتی ہیں کہ رومانوی دھوکہ دہی ’خاص طور پر خطرناک ہوتی ہے کیونکہ اس میں متاثرہ فرد کے محبت اور رشتے کی بنیادی خواہش جیسے معاملات پر کھیلا جاتا ہے۔

لیزا کہتی ہیں کہ ’یہاں تک کہ ایسے لوگ جو رومانوی دھوکہ دہی سے بخوبی آگاہ ہیں، محبت کا جھانسا ان کی حقیقت پسندی کو بھی مسخ کر سکتا ہے اور انھیں کمزور بنا سکتا ہے۔‘

لنڈا کو اپنی چوری شدہ رقم کبھی واپس نہیں ملی۔ وہ کہتی ہیں: ’مجھے شرمندگی سے باہر نکلنے میں کافی وقت لگا۔‘

بی بی سی کی فلم ’دی فالونگ ایونٹس آر بیسڈ آن پیک آف لائئز‘ کی کہانی رومانوی فنکار ڈاکٹر روب چانس (ایلسٹر پیٹری) پر مبنی ہے، جو فیشن اسسٹنٹ ایلس نیومین (ریبیکا اسٹیٹن) کو نشانہ بناتے ہیں اور اس کے بعد سب مشہور مصنفہ شیرل ہارکر (آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ماریان جین بیپٹسٹ) کو نشانہ بناتے ہیں۔

اگرچہ یہ سیریل کسی ایک حقیقی زندگی کی کہانی پر مبنی نہیں ہے۔

لیکن ڈرامے کی شریک مصنفہ جینی اور پینیلوپ کو یاد ہے کہ جب وہ ڈرامہ لکھ رہی تھیں تو دھوکہ بازی کے مشہور مقدمے جیسے 64.8 ارب ڈالر کی پونزی سکیم چلانے والے امریکی فنانسر الزبتھ ہومز کے مقدمے ان کے ذہن میں تھے۔

پینیلوپ کا حال ہی میں ایک دھوکے باز سے پالا پڑا تھا جب انھوں نے اپنی ذاتی معلومات شیئر کر دی تھیں۔ پینیلوپ بتاتی ہیں کہ ’میں جلدی میں تھی، ای میل کا تعلق پیسے سے تھا اور اس نے مجھے پریشان کر دیا اور میں نے اس پر کلک کیا اور اپنی تمام ذاتی معلومات لکھ دیں۔‘

رومانوی دھوکہ دہی سے کیسے بچیں؟

کسی ایسے شخص کی جانب سے پیسے کی درخواست کو شک کی نظروں سے دیکھیں جس سے آپ ذاتی طور پر کبھی نہیں ملے، خاص طور پر ایسے افراد جن سے آپ کی حال ہی میں آن لائن ملاقات ہوئی ہو۔

کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے اپنے خاندان یا دوستوں سے مشورہ کریں۔

پروفائل تصاویر حقیقی نہیں بھی ہوسکتی ہیں۔ پہلے اپنی تحقیق کریں. سرچ انجن پر ریورس امیج سرچ کرنے سے وہ تصاویر مل سکتی ہیں جو کہیں یا کسی اور سے لی گئی ہیں۔

اپنے پیاروں کو یقین دلائیں کہ آپ ان کے لیے موجود ہیں اور یہ ان کی غلطی نہیں ہے۔

رومانوی دھوکے کے بارے میں اپنی سمجھ بوجھ کو بڑھائیں۔

اپنی دیکھ بھال کرنا بھی یاد رکھیں کیونکہ رومانوی دھوکہ دہی کا شکاربننے والے لوگوں کی حمایت کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More