سعودی عرب اور امارات پاکستان میں 25، 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے: نگراں وزیراعظم

اردو نیوز  |  Sep 04, 2023

پاکستان کے نگراں وزیراعطم انوار الحق کاکڑ نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اگلے تین برسوں کے دوران پاکستان میں 25 پچیس ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کریں گے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پاکستان میں یہ سرمایہ کاری پراجیکٹس کی مد میں کریں گے۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات یہ سرمایہ کاری سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے زیر سایہ پراجیکٹس پر کریں گے۔ واضح رہے سابق وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت میں جون میں اس کونسل کو بنایا گیا تھا جس کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا اور ملک کی معیشت کو سنبھالنا تھا۔

اطلاعات کے مطابق اتوار کو پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کراچی میں کاروباری شخصیات کے ساتھ ملاقات میں کہا تھا کہ نئی بنائی گئی کونسل سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور کویت سے 100 ارب ڈالر تک کا سرمایہ لانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

پیر کو بین الاقوامی اداروں کے صحافیوں سے ملاقات کے دوران نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آرمی چیف کی جانب سے دیے گئے بیان کی تصدیق کی ہے۔

ملاقات کے دوران نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی طرف سے یہ سرمایہ کاری دو، تین برسوں میں کی جائے گی جس کا مرکز کان کُنی اور معدنیات سیمت دیگر سیکٹرز ہوں گے۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستانی وزیراعظم کے بیان پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More