خراب موسم کے باعث ایشیا کپ کے متاثر ہونے کا خدشہ، ذکا اشرف کا جے شاہ سے رابطہ

اردو نیوز  |  Sep 04, 2023

پاکستان اور سری لنکا میں جاری ایشیا کپ کے حوالے سے ایک نئی پیشرفت سامنے آئی ہے جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ سے فون پر بات کی ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق ذکا اشرف نے سری لنکا میں خراب موسم کے باعث ٹورنامنٹ کے متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر جے شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

ذکا اشرف نے جے شاہ کو اس بات کی دعوت دی ہے کہ ٹورنامنٹ کے بقایا میچوں کو پاکستان منتقل کیا جائے۔

ذکا اشرف نے جے شاہ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیا کپ ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے، اسے بارش سے متاثر نہ کیا جائے، سری لنکا میں بارشوں کا امکان ہے۔

اس کے جواب میں جے شاہ نے صورتحال پر غور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہاں واضح رہے کہ اے سی سی ایشیا کپ کے میچوں کی کولمبو سے دمبولا یا ہمبنتوتا منتقلی کا فیصلہ اگلے 24 سے 36 گھنٹوں کے درمیان کر سکتی ہے۔

دوسری جانب کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ نے خبر دی ہے کہ انڈین کرکٹ ٹیم دمبولا میں ہوٹلنگ اور باقی سہولیات سے مطمئن نہیں ہے جبکہ دمبولا کے سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کا کام بھی پوری طرح سے مکمل نہیں ہوا۔

اس کے علاوہ ہمبنتوتا میں سٹیڈیم کے قریب ہوٹل نہ ہونے کے مسائل ہیں جبکہ میچ  کولمبو سے دمبولا منتقل کرنے پر براڈکاسٹرز کو بھی شدید خدشات لاحق ہیں۔

اگر انڈیا سپرفور مرحلے میں رسائی حاصل کرتا تو 10 ستمبر کو ایک مرتبہ پھر سے اُس کا سامنا پاکستان سے ہوگا۔ (فوٹو: اے ایف پی)خیال رہے دو ستمبرکو پاکستان اور انڈیا کے درمیان کینڈی میں کھیلا گیا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کے بعد ٹورنامنٹ کے باقی میچ پالیکیلے اور کولمبو سے دوسرے شہروں میں منتقل کرنے پر نئی بحث نے جنم لے لیا ہے۔

دوسری جانب اگر پیر کے روز میچ میں انڈیا نیپال کو شکست دے دیتا ہے تو دس ستمبر کو ایک مرتبہ پھر سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کولمبو میں ہوگا جہاں شدید بارشیں جاری ہیں۔

موسم کی خبروں کی ویب سائٹ ’ایکیوا ویدر‘ نے اگلے ایک ہفتے تک کولمبو میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More