پرویز الٰہی دوبارہ گرفتار، ’توہینِ عدالت کی درخواست دائر کریں گے‘

اردو نیوز  |  Sep 01, 2023

 تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو رہائی کے کچھ دیر بعد ہی دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

جمعے کو اسلام آباد پولیس نے چودھری پرویز الٰہی کو لاہور میں کینال روڈ سے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کر لیا۔

اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کی گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ کو فوری رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے اُنہیں کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

جمعے کو سماعت کے دوران لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس امجد رفیق نے ایڈشنل رجسٹرار سکیورٹی رائے ظہور کو ہدایت کی تھی کہ وہ عدالت کی سکیورٹی کے چار اہلکاروں اور متعلقہ ایس پی کو بھی پرویز الٰہی کے ساتھ بھیجیں۔ 

عدالت نے ایڈشنل رجسٹرار سکیورٹی کو حکم دیا تھا کہ وہ پولیس کے ساتھ اُس وقت تک کوآرڈینیٹ کرتے رہیں جب تک پرویز الٰہی اپنے گھر نہیں پہنچ جاتے اور ساتھ یہ بھی ہدایت کی تھی کہ اُنہیں کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔

ایڈیشنل رجسٹرار سکیورٹی نے جج کو یقین دہانی کروائی تھی کہ عدالتی حکم پر من و عن عملدرآمد ہو گا۔ اس کے بعد عدالت نے ڈی آئی جی  آپریشنز علی ناصر رضوی اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن عمران کشور کو بھی اپنے چیمبر میں بلایا اور یہی ہدایات دیں۔ 

عدالتی حکم کے بعد پولیس نے پرویز الٰہی کو گھر چھوڑنے کے انتظامات کرنا شروع کیے اور خود عدالت سے باہر گیٹ تک چلتے ہوئے اپنی گاڑی تک پہنچے اور پولیس انہیں اپنی حفاظت میں لاہور ہائی کورٹ سے لے کر روانہ ہو گئی۔

چودھری پرویز الٰہی کے وکلا کا کہنا ہے کہ وہ ’توہینِ عدالت اور حبسِ بے جا کے خلاف درخواست داٸر کریں گے۔‘

واضح رہے کہ چوہدری پرویز الہٰی نے نیب کی جانب سے اپنی گرفتاری کو چیلنج کر رکھا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More