جوہانسبرگ میں آتشزدگی 70 سے زیادہ ہلاک: ’مجھے نہیں معلوم میری بیٹی ابھی زندہ ہے یا نہیں‘

بی بی سی اردو  |  Aug 31, 2023

Reuters

’مجھے نہیں پتا کہ میری بیٹی زندہ بھی ہے یا نہیں۔ مجھے تجسس میں رکھا گیا، مجھے نہیں معلوم کیا ہو رہا ہے۔ مجھے کوئی کچھ نہیں بتا رہا ہے کہ کہاں جانا ہے۔‘

یہ الفاظ ایک آبدیدہ ماں ٹریژرلی شوپنگ کے ہیں جو جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں ایک آتشزدگی کا شکار ہونے والی عمارت کے باہر موجود ہیں اور اپنی 24 سالہ بیٹی کو ڈھونڈ رہی ہیں۔

جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے وسطی علاقے میں ایک عمارت میں رات گئے آتشزدگی کے باعث کم سے کم 73 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 52 زخمی ہیں۔

حکام کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے اس پانچ منزلہ عمارت میں آگ لگنے کی وجہ کیا تھی۔

ٹریژرلی شوپنگ نے صحافیوں کو بتایا کہ ’جیسے ہی مجھے معلوم ہوا کہ یہاں آگ لگی ہے تو میں فوراً عمارت کی جانب بھاگ کر آئی اور اپنی بیٹی کو تلاش کر رہی ہوں۔ لیکن مجھے کچھ نہیں بتایا جا رہا۔‘

جب ان سے اس عمارت کی حالت کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ اس میں بہت زیادہ لوگ رہتے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ’اس کی حالت بہت خراب تھی، یہ کوئی ایسی جگہ نہیں تھی جہاں ٹھہرا جائے، اس لیے میں اسے گھر واپس لانا چاہتی تھی۔‘

جوہانسبرگ میں ایمرجنسی مینجمنٹ سروسز کے ترجمان رابرٹ مولاڈزی نے مقامی ٹیلی ویژن سٹیشن نیوزروم افریقہ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پانچ منزلہ عمارت کو کچھ عرصہ قبل خالی چھوڑ دیا گیا تھا تاہم یہاں بے گھر افراد موسمِ سرما کے دوران آباد ہو گئے تھے۔

وہ بتاتے ہیں کہ ’یہ ایک بوسیدہ عمارت تھی اور آگ بھجانے والا عملہ ہر منزل پر جا کر ملبہ صاف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وہ اس حادثے پر کہتے ہیں کہ ’میں نے اپنی 22 سال کی سروس میں آج تک کچھ ایسا نہیں دیکھا۔‘

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ کیونکہ یہ باقاعدہ رہائشی عمارت نہیں ہے جس کی لیز ہو اس لیے اس عمارت کی باقاعدہ طور پر دیکھ بھال نہیں کی جا رہی تھی اور یہاں ملبے اور عارضی طور پر کی گئی تعمیرات کے باعث لوگوں کو ڈھونڈنا اور انھیں ریسکیو کرنا مشکل ہو جائے گا۔

Reuters

اس حوالے سے جنوبی افریقہ کے مقامی میڈیا میں یہ خبر بھی رپورٹ کی جا رہی ہے کہ بری طرح جھلسنے کے باعث اکثر لاشوں کی شناخت مشکل ہو سکتی ہے۔

جنوبی افریقہ کے چینل نیوز روم افریقہ کی ایک رپورٹ کے مطابق ’جو لاشیں ہم نے عمارت سے باہر آتی دیکھی ہیں ان کی شناخت انتہائی مشکل ہے۔ یہ ممکنہ طور پر وہ لاشیں ہیں جو براہِ راست آگ سے جھلسی ہیں۔‘

’ہمیں لگتا ہے کہ خاندان کے افراد کے لیے اپنے پیاروں کی شناخت انتہائی مشکل ہو جائے گی۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More