کیا گوشت خوری آپ کے پسینے کی بو پر اثرانداز ہوتی ہے؟

بی بی سی اردو  |  Aug 07, 2023

BBC

ہم سب جانتے ہیں کہ جب ہمارا جسم گرم ہوتا ہے تو ہمیں زیادہ پسینہ آتا ہے۔ یہ ہمارے جسم کو ٹھنڈا رکھنے کا ایک طریقہ ہے۔ پسینے کی ہر بوند جو ہماری جلد سے بخارات بن کر اڑتی ہے ہمارے درجہ حرارت کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ یہ عمل جتنا بھی ضروری ہو بعض اوقات اپنے ساتھ ناخوشگوار ضمنی اثرات بھی لاتا ہے۔

جی ہاں، ہم پسینے کی بو کے بارے میں ہی بات کر رہے ہیں۔

ہر ایک فرد کو جب پسینہ آتا ہے تو اس کی بو مختلف ہوتی ہے۔ کچھ لوگوں کی پسینے کی بو کا پتہ بھی نہیں چلتا، جبکہ کئی ایک بو بہت زیادہ ہوتی ہے۔

سٹاک ہوم میں کیرولنسکا انسٹیٹیوٹ کے پروفیسر جوہن لنڈسٹروم نے بو اور بدبو پر بہت تحقیق کی ہے۔ وہ بتاتے ہیں کہ ہمارے پسینے کی بو کا انحصار بہت سی مختلف باتوں پر ہوتا ہے۔

’ہمارے جسم کی بدبو مختلف غدود سے خارج ہونے والے مرکبات کے امتزاج سے پیدا ہوتی ہے جو کہ جزوی طور پر ہماری جینز، ہمارے جسم پر موجود بیکٹیریا (جو صفائی اور جینیات جیسی چیزوں کی وجہ سے ہے) اور ماحول (نمی، درجہ حرارت، ہوا کے دباؤ) پر منحصر ہے۔ اور آخرکار، ہم جو کھاتے ہیں اس کا بھی ایک اہم اثر ہو سکتا ہے۔‘

لہٰذا، جینیات اور ہم کتنے صاف ستھرا ہیں جیسے مزید واضح عوامل کے ساتھ، جو کھانا ہم اپنے جسم میں ڈالتے ہیں وہ ہمارے پسینے کی بو آنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

وہ غذائیں جو ہمارے جسم کی بو کو بدلتی ہیں

ہم نہیں جانتے کہ کھانا ہمارے پسینے کی بو پر کتنا اثر انداز ہوتا ہے۔ تاہم لنڈسٹروم کہتے ہیں ’میری بہترین معلومات کے مطابق، اس کا باضابطہ طور پر اندازہ نہیں لگایا گیا ہے، لیکن ہم یہ ضرور جانتے ہیں کہ کون سے کھانا ہماری بو پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔‘

لنڈسٹروم کہتے ہیں کہ ’وہ لوگ جو بہت زیادہ گوشت کھاتے ہیں ان کے پسینے کی بوعام طور پر ان لوگوں کے مقابلے میں 'بدتر' ہوتی ہے جو بنیادی طور پر سبزیوں کی خوراک پر جیتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی واضح ہے کہ جو کوئی لہسن کھانا پسند کرتا ہے اس کے پسینے سے بدبو آنے کا امکان ہوتا ہے۔‘

BBC

ایسپیراگس اور مختلف مصالحے بھی ہماری قدرتی خوشبو کو متاثر کر سکتے ہیں۔ لیکن وہ مخصوص اجزا کیا ہیں جو انھیں ہمارے پسینے کو تبدیل کرنے کے قابل بناتے ہیں؟

’بنیادی طور پر، ان میں ایسے کیمیکل ہوتے ہیں جو خون کے دھارے میں شامل ہوتے ہیں۔ وہاں سے وہ باہر نکلتے ہیں. زیادہ تر چیزیں جو خون کے دھارے میں آتی ہیں وہ ہمارے جسم کی بدبو کے ذریعے کسی نہ کسی طریقے سے خارج ہوتی ہیں۔

لہٰذا، اگر آپ لہسن اور گوشت کھاتے ہیں، جو کہ گندھک سے بھرپور ہوتے ہیں، اور جب وہ کھائے جانے کے بعد مختلف راستوں سے باہر نکلتے ہیں، تو بو آتی ہے۔

کیا ایسی غذائیں ہیں جو پسینے کی بو کو دلکش بنا سکتی ہیں؟

اگرچہ ایسے کھانوں کے بارے میں بہت کم تحقیق ہوئی ہے جو آپ کے پسینے کی خوشبو کو قابلِ قبول بنا سکتے ہیں، لیکن کچھ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ کون سی غذائیں زیادہ ’پرکشش‘ پسینے کی بو کا باعث بن سکتی ہیں۔

ایسا ہی ایک تجربہ آسٹریلیا کی میکوری یونیورسٹی میں کیا گیا تھا۔ 43 مرد شرکا کو کاٹن کی ٹی شرٹس پہننے سے پہلے صرف پانی سے نہانے کا کہا گیا (کسی قسم کے ڈیوڈورنٹ کی اجازت نہیں تھی)۔ انھوں نے شرٹس کو 48 گھنٹے تک پہنے رکھا۔ جس میں ایک گھنٹہ ورزش بھی شامل تھی جس سے ان کے پسینے کے غدود متحرک رہے۔

اس کے بعد شرٹس کو تجزیے کے لیے پیش کیا گیا۔ نتیجہ کیا نکلا؟ وہ مرد جو زیادہ پھل اور سبزیاں کھاتے تھے، ان کے پسینے کی بو اتنی خوشگوار تھی، یعنی زیادہ پھولدار، پھل دار، میٹھی اور ایسی جسے سونگھ کر انسان بہتر محسوس کرے۔

وہ لوگ جنھوں نے چکنائی، گوشت، انڈا اور ٹوفو کھایا تھا ان کی بو بھی ٹھیک ہی تھی۔ تاہم، زیادہ کاربوہائیڈریٹ کی مقدار والے افراد کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے پسینے کی بو تیز اور کم خوشگوار تھی۔

BBC

مردوں کے پسینے کی کشش کے بارے میں ایک اور تحقیق ہوئی جس میں 17 مردوں کو یا تو گوشت والی غذا دی گئی یا پھر بالکل گوشت سے دور رکھا گیا۔ دو ہفتوں کے بعد پسینے کے نمونے جمع کیے گئے۔ ایک ماہ بعد، اس تجربے کو پھر دہرایا گیا، جس میں تمام شرکا کو بالکل متبادل خوراک دی گئی۔

اس کے بعد 30 خواتین کے ایک گروپ سے کہا گیا کہ وہ پسینے کی بو، کشش اور مردانگی کے لحاظ سے جائزہ لیں۔ مردوں کے پسینے کو مستقل طور پر اس وقت زیادہ خوشگوار پایا گیا جب وہ گوشت سے پاک غذا کھا رہے تھے: ’جو ڈونرز گوشت کے بغیر والی غذا کپا رہے تھے ان کے پسینے کی بو نمایاں طور پر زیادہ پرکشش، زیادہ خوشگوار اور کم شدید تھی۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ سرخ گوشت کا استعمال جسم کی بو پر منفی اثر ڈالتا ہے۔‘

جیسا کہ اکثر سائنسی مطالعات میں ہوتا ہے، خواتین پر اس حوالے سے بھی کم تحقیق ہوئی ہے۔ تاہم ایک چھوٹی سی تحقیق میں اس بات کا پتہ چلا ہے کہ جب تین خواتین کے پسینے کا تجزیہ ’مکمل کیلوری کی پابندی‘ سے پہلے، اس کے دوران اور بعد میں کیا گیا تو مردوں کو خواتین کا پسینہ اس وقت اچھا لگا جب انھوں نے دوبارہ کھانا شروع کر دیا۔ جب وہ کچھ نہیں کھا رہی تھیں تو اس وقت مردوں کو ان کی بو اتنی خوشگوار نہیں لگی۔

تو، کیا یہ آپ کے جسم کی بو کو بہتر بنانے کے لیے آپ خوراک کو تبدیل کرنا ٹھیک ہے؟لنڈسٹروم کہتے ہیں مخصوص کھانے کھا کر اس کی کوشش کرنے اور اسے بہتر بنانے سے آسان ہے کہ ’ڈیوڈورنٹ اور پرفیوم استعمال کر لیا جائے۔‘

اس کے علاوہ، وہ یہ بتانا چاہتے ہیں کہ اگر آپ سے بہت ناخوشگوار بو بھی آتی ہے، تو اسے شاید ہمیشہ برا نہ سمجھا جاتا ہو۔

’مختلف ممالک میں اس بارے میں مختلف رائے ہے کہ کون سی جسمانی بو قابلِ قبول ہے اور کون سی نہیں اور اس کا سیاق و سباق بھی بدلتا رہتا ہے۔ جم میں کسرت کرتے ہوئے اور کسی پیار کرنے والے کے ساتھ بستر پر جسم کی بو مختلف لگتی ہے اور کسی ایسی جگہ پر مختلف جہاں صفائی کو خاص طور پر اہمیت دی جاتی ہے۔

’اور ہاں، آپ کا ممکنہ ساتھی آپ کے جسم کی قدرتی بو کو پسند کرے گا!‘

کسی کے ساتھ آپ کی مطابقت کا اندازہ لگانے کا یہ ایک طریقہ بھی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More