بغیر پاسپورٹ کے ٹکٹ خریدنے کی کوشش، انڈیا میں پاکستانی لڑکی گرفتار

اردو نیوز  |  Jul 29, 2023

انڈین ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کی پولیس نے 16 برس کی ایک پاکستانی لڑکی کو ایئرپورٹ سے حراست میں لیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق جمعے کو انڈین پولیس نے پاکستانی لڑکی کو اس وقت ایئرپورٹ سے حراست میں لیا جب وہ بغیر پاسپورٹ کے واپسی کے لیے ٹکٹ بُک کر رہی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کا نام غزل پروین ہے اور وہ لاہور کی رہائشی ہیں۔ وہ تین سال قبل اپنی خالہ کے ساتھ انڈیا پہنچی تھیں۔ دونوں ضلع سکار کے شری مدھوپور میں مقیم ہیں۔

جے پور ایئرپورٹ پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او دِکپال سنگھ نے کہا کہ انہوں نے دو مردوں کو بھی حراست میں لیا ہے جو غزل پروین کے ہمراہ تھے۔

’لڑکی نے کہا ہے کہ وہ بذریعہ پرواز انڈیا پہنچی تھیں لیکن ان کو نہیں معلوم کہ کیسے ان کی خالہ نے بغیر اسناد کے انڈیا کا سفر کیا۔ ہم لڑکی سے تفتیش کر رہے ہیں۔ ان کی خالہ سے بھی تفتیش ہو گی۔‘

اسی قسم کے دو واقعات حال ہی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ منگل کو 34 برس کی انڈین خاتون انجو نے پاکستان کے فیس بک دوست سے خیبر پختونخوا میں شادی کی ہے۔

انجو کا تعلق اترپردیش سے ہے اور راجھستان کے ضلع الوار میں رہائش پذیر تھیں۔

2007 میں انہوں نے اروند نامی شخص سے شادی کی تھی۔ ان کی 15 برس کی ایک بیٹی اور چھ سال کا بیٹا ہے۔

اسی طرح ایک پاکستانی خاتون سیما غلام حیدر بھی اپنے چار بچوں سمیت نیپال کے راستے انڈیا پہنچی تھیں۔ ان کی پب جی کے ذریعے ایک انڈین شخص سچن مینا سے دوستی ہوئی تھی۔ انڈیا پہنچنے پر انہوں نے ہندو مذہب اختیار کیا تھا۔

انہوں نے انڈین صدر سے شہریت کی درخواست بھی کی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More