امریکی ایئربیس پر کینیڈین اور فرانسیسی فوجی طیارے ٹکرا گئے

اردو نیوز  |  Jul 26, 2023

گوام کے امریکی ایئربیس پر کھڑے ایک فرانسیسی طیارے سے کینیڈین فوجی طیارہ ٹکرا گیا۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فرانس کی مسلح افواج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اینڈرسن ایئربیس پر رائل کینیڈین ایئر فورس کا جہاز کے فرانسیسی اے 400 ایم کے ساتھ حادثے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

تاہم دونوں طیاروں کے سٹیئرنگ سسٹم تباہ ہو گئے ہیں۔

کینیڈین ایئر فورس نے اس حادثے کی تصدیق کی ہے، لیکن یہ نہیں بتایا کہ ٹکراتے وقت جہاز ٹیکسی کر رہا تھا یا پھر پارکنگ میں کھڑے کھڑے پھسل گیا۔

فرانسیسی طیارہ علاقائی مشقوں کے لیے گوام ایئربیس پر موجود تھا۔ فرانس نے اس مشن کے لیے اپنے 20 طیارے بھیجے ہیں جن میں چار اے 400 ایم بھی شامل ہیں۔

 فرانسیسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ’یہ مشق فرانس کی فورس پروجیکشن کے مظاہرے کے لیے ہے اور بہت مختصر وقت میں دنیا میں اپنے شہریوں اور ملکی مفادات کا دفاع کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔‘

فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں اس وقت علاقے میں تین جگہوں کے دورے پر ہیں جن میں نیو کیلیڈونیا، وانواتا اور پاپوا نیوگنی شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More