انڈیا میں شہری کو چار منٹوں میں 38 جوتے مارنے والا پولیس اہلکار معطل

اردو نیوز  |  Jul 23, 2023

انڈیا کی ریاست اترپردیش میں مبینہ طور پر شراب کے نشے میں دھت شہری پر جوتوں کی بارش کرنے والے پولیس اہلکار کو فوری طور پر ملازمت سے معطل کر دیا گیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ سے 100 کلومیٹر دور ہردؤئی میں پیش آیا ہے۔ ایک ویڈیو میں سادہ لباس میں ملبوس ایک پولیس اہلکار کو شہری پر جوتے برساتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

شہری کو جوتے مارنے والے پولیس اہلکار کی شناخت دنیش کے نام سے ہوئی جسے چار منٹوں میں 38 جوتے مارنے پر فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق تشدد کا نشانہ بننے والا شخص شراب کے نشے میں دھت تھا اور مقامی دکان پر لوگوں کو تنگ کر رہا تھا۔

اس حوالے سے ایڈیشنل سپرینٹنڈنٹ پولیس ویسٹ دُرگیش کمار سنگھ نے کہا کہ ’پولیس نے وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لیا ہے۔ پولیس کانسٹیبل سادہ کپڑوں میں مارکیٹ گیا ہوا تھا۔ اس نے وہاں شراب کی نشے میں دھت ایک شخص کو دیکھا جو لوگوں سے بدتمیزی کر رہا تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’نشے میں دھت شخص نے پولیس اہلکار سے بھی بدتمیزی کی جس کے بعد دونوں میں لڑائی ہو گئی۔ پولیس اہلکار کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More